رسائی کے لنکس

پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کرنے والے پاکستانی سفراء
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کرنے والے پاکستانی سفراء

وزیراعظم نے پاکستانی سفراء سے کہا کہ وہ بیرون ملک اپنی تعیناتی کے دوران وہاں کے میڈیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کے بارے آگاہ کریں۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ہفتہ کو مختلف ممالک کے لیے نامزد پاکستانی سفیروں سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ان کے ملک نے بڑی جانی و مالی قربانیاں دی ہیں جنہیں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

اُنھوں نے سفراء سے کہا کہ وہ بیرون ملک اپنی تعیناتی کے دوران وہاں کے میڈیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کے بارے آگاہ کریں۔

حکومت میں شامل عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں 2001ء سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے 35 ہزار شہری اور لگ بھگ پانچ ہزار سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ قومی معیشت کو بھی تقریباً 70 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ سے سب سے زیادہ پاکستان کے قبائلی علاقے اور صوبہ خیبر پختون متاثر ہوئے لیکن ملک کے دیگر علاقے بشمول بڑے شہر بھی اس عرصے کے دوران پرتشدد حملوں کی لپیٹ میں آتے رہے۔

عالمی برادری بشمول امریکہ یہ کہتا آیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار نمایاں ہے اور رواں ہفتے ہی اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا تھا کہ افغانستان سمیت خطے میں امن کے لیے پاکستان کی غیر مشروط حمایت نا گزیر ہے۔

امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہے۔
XS
SM
MD
LG