رسائی کے لنکس

نواز شریف ارب پتی، لیکن بیرون ملک اثاثے نہیں: الیکشن کمیش


نواز شریف کے سب سے بڑے ناقد اور حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی ایک ارب 31 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف تقریباً دو ارب روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں تاہم بیرون ملک ان کی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے منتخب قانون سازوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کی گئیں جن کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز نے انھیں گزشتہ سال ساڑھے 21 کروڑ روپے بیرون ملک سے بھجوائے۔

علاوہ ازیں نوازشریف کے نام زر عی اراضی بھی ہے جب کہ کاروباری شعبوں میں بھی انھوں نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

تاہم جس گھر میں وہ رہتے ہیں وہ نواز شریف کی والدہ کی ملکیت ہے۔

یہ تفصیلات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب رواں ماہ ہی پاناما پیپرز میں جن بین الاقوامی شخصیات کے بیرون ملک اثاثوں اور "آف شور کمپنیوں" کا ذکر کیا گیا تھا ان میں وزیراعظم کے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم اس میں نواز شریف کا نام نہیں ہے۔

حزب مخالف پاناما لیکس کے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھاتی آ رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے پاس بیس لاکھ روپے کے پرندے اور جانور بھی ہیں۔

علاوہ ازیں کلثوم نواز چھانگا گلی ایبٹ آباد میں آٹھ کروڑ روپے کے ایک گھر اور زمین، اور مال روڈ مری میں دس کروڑ روپے کے ایک بنگلے کی مالکہ بھی ہیں۔

وزیراعظم کے اثاثوں میں ان کے نام ایک لینڈ کروزر گاڑی ہے جو انھیں تحفے کے طور پر ملی جب کہ اس کے علاوہ وہ دو مرسڈیز گاڑیوں کے بھی مالک ہیں۔

نواز شریف کے سب سے بڑے ناقد اور حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی ایک ارب 31 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اس میں اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں واقع گھر کی مالیت 75 کروڑ ہے جب کہ لاہور میں وراثت میں ملنے والا زمان پارک کے گھر کی مالیت 22 کروڑ روپے ہے۔

ان کی ملکیت میں پچاس لاکھ روپے مالیت کی ایک پراڈو گاڑی بھی ہے۔ تاہم ان کے نام بھی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG