امریکہ کا مالیاتی ادارہ ’ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹس‘ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کے بوئنگ طیاروں کے انجنوں کی بحالی و مرمت کے لیے پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
اسلام آباد میں امریکہ سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق بوئنگ طیاروں کی بحالی کا کام امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک سر انجام دے گی اور 2006ء سے امریکی بینک کی پاکستان میں یہ سب سے بڑی سرگرمی ہو گی۔
بیان میں کہا گیا کہ انجنوں کی بحالی سے ’پی آئی اے‘ کے بوئنگ طیاروں کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا۔
اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار سمیت اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’آج جنرل الیکٹرک کے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کردہ انجن ’پی آئی اے‘ کے 60 فیصد طیاروں میں نصب ہیں۔ ان میں سے بہت سے انجنوں کی بحالی و مرمت کا یہ معاہدہ پی آئی اے کو مستقبل میں قوت فراہم کرے گا۔ اس طرح کی شراکت داریاں پاکستان کو باقی دنیا سے جوڑنے میں بہت معاون ثابت ہوئی ہیں۔‘‘
’پی آئی اے‘ پاکستان کے ان سرکاری اداروں میں شامل ہے جن میں سالانہ اربوں روپے کے نقصان کا بوجھ سرکاری خزانہ پر پڑتا ہے۔
موجودہ حکومت نے ان اداروں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کر رکھا ہے۔
حالیہ مہینوں میں پاکستان ریلوے کی کارکردگی میں بھی قدرے بہتری آئی ہے۔ گزشتہ ہفتے اسلام آباد سے کراچی تک جدید سہولتوں سے آراستہ ریل سروس گرین لائن کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔