رسائی کے لنکس

کھلاڑیوں کی سزاؤں پر نظر ثانی کی سفارش


کھلاڑیوں کی سزاؤں پر نظر ثانی کی سفارش
کھلاڑیوں کی سزاؤں پر نظر ثانی کی سفارش

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے سفارش کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو دی گئی سزاؤں کے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور میچ فکسنگ کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کی وڈیو فوری طور پر ضائع کردے۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو کمیٹی کے چیئر مین اقبال محمد علی خان کی صدارت میں ہوا جس میں بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ سمیت دیگر عہدیداروں کے علاوہ یونس خان نے شرکت کی۔

قائمہ کمیٹی نے ٹیم کے اندرونی اختلافات، میچ فکسنگ کی تحقیقاتی وڈیو اور دیگر امور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں سے تفصیلی بازپرس کی۔

اجلاس کے بعد کمیٹی کے چیئرمین اقبال محمد علی خان نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ مستقبل میں اگر کہیں ڈسپلن کی خلاف ورزی ہو تو اس پر فوری کارروائی کی جائے۔

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے کمیٹی سے وعدہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو دی گئی سزاؤں پر ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج اور بور ڈ آف گورنرز کی مشاورت سے نظر ثانی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی ناقص کاکردگی کے بعد کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد یوسف، سابق کپتان یونس خان پر قومی ٹیم میں شمولیت پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی لگادی تھی جب کہ رانا نوید الحسن اور شعیب ملک پر ایک، ایک سال کے لیے پابندی عائد کی گئی۔ شاہد آفریدی ، کامران اکمل اور عمر اکمل پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔ محمد یوسف بورڈ کے اس فیصلے کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG