پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ جوہری اثاثوں کا تحفظ ایک مقدس ذمہ داری ہے۔
اُنھوں نے یہ بات جمعہ کو اسلام آباد کے قریب ’سینیٹر آف ایکسلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی‘ کے دورے کے موقع پر کہی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ایک بیان کے مطابق جوہری ہتھیار رکھنے والے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے’سینیٹر آف ایکسلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی‘ کے قیام کے علاوہ جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے کئی دیگر اقدامات بھی کیے ہیں۔
جنرل راحیل شریف نے جوہری اثاثوں کے تحفظ سے متعلق اس جدید ترین مرکز میں دستیاب سہولتوں اور وہاں جاری تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق فوج کے سربراہ نے جوہری تحفظ سے متعلق اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
فوج کے بیان میں کہا گیا کہ جوہری سلامتی سے متعلق یہ جدید ترین مرکز علاقائی اور دیگر ممالک کو تربیت کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔
بیان کے مطابق اس مرکز کے قیام کے بعد یہاں ملکی اور بین الاقوامی سطح کے کئی تربیتی کورس منعقد کیے جا چکے ہیں جن میں جوہری اثاثوں کی حفاظت کے بارے میں تربیت پر توجہ دی گئی۔
پاکستان کی طرف سے یہ کہا جاتا رہا ہے کہ وہ جوہری اثاثوں کے حفاظت کے معاملات پر بین الاقوامی موقف کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، اور بطور ریاست وہ اس ضمن میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے جامع اور مربوط اقدامات کیے گئے ہیں جن میں وزیراعظم کی زیر صدارت کمانڈ اور کنٹرول کا ادارہ بھی شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں پاکستان نے اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دی جس کے بارے میں حکام کہہ چکے ہیں کہ اُسے جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ کی طرف سے جوہری اثاثوں کے تحفظ سے متعلق مرکز کا دورہ ایسے وقت کیا گیا جب وہ آئندہ ہفتے ہی امریکہ کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔