رسائی کے لنکس

’داعش‘ کو پاکستان میں قدم نہیں جمانے دیں گے: تسنیم اسلم


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

تسنیم اسلم نے کہا کہ اگرچہ ’داعش‘ کا پاکستان میں وجود نہیں لیکن ہم اس خطرے سے آگاہ ہیں اور تمام ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ گروپ ملک میں قدم نا جما سکے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کو ملک میں قدم نہیں جمانے دیئے جائیں گے۔

وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’داعش‘ کی پاکستان میں موجودگی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں۔

ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ اگرچہ ’داعش‘ کا پاکستان میں وجود نہیں لیکن ہم اس خطرے سے آگاہ ہیں اور تمام ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ گروپ ملک میں قدم نا جما سکے۔

داعش کو پاکستان میں قدم نہیں جمانے دیں گے
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:14 0:00

وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی اس بارے میں بیان دے چکے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا یہ موقف رہا ہے کہ ’داعش‘ کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں ہے۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان کے مختلف شہروں بشمول ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں ’داعش‘ کے حق میں دیواروں پر تحریریں دیکھی گئیں جس کے بعد کئی مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔

عراق اور شام کے ایک بڑے حصے پر قبضے کے بعد ’داعش‘ نے ان علاقوں میں خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

جب کہ حالیہ مہینوں میں اس گروپ کے مرکزی ترجمان اور اہم رہنما ابو محمد العدنانی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ داعش اپنا دائرہ اب خراسان تک بڑھا رہا ہے۔

تاریخی اعتبار سے خراسان کہلانے والے علاقے میں افغانستان، پاکستان اور اس کے قریبی علاقے شامل ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے کئی کمانڈر بھی ’داعش‘ میں شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں جنہیں بعد میں طالبان نے اپنے صفوں سے نکال دیا۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے بعد بعض شکست خوردہ شدت پسند پناہ کے حصول کے لیے ’داعش‘ میں شامل ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک نے بھی شام اور عراق میں ’داعش‘ کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کیں۔

پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں ایک بڑی کارروائی شروع کر رکھی ہے اور عہدیداروں کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ بلاتفریق تمام شدت پسندوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG