رسائی کے لنکس

وسط مدتی انتخابات کا کوئی امکان نہیں:وزیراعظم گیلانی


وزیراعظم یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جعلی ڈگریوں کی وجہ سے جہاں کوئی نشست خالی ہوگی وہاں ضمنی انتخاب کروا دیا جائے گا اور یہ کہ آئین کے مطابق ان کی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی۔

ہفتے کو قصور کے قریب بلوکی کے مقام پر 225میگاواٹس کے پاور پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے جعلی ڈگریوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہاکہ سیاستدان معاشرے کا حصہ ہیں اور ایسے واقعات سے معاشرے کے ایک نقص کی عکاسی ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا ”مڈٹرم الیکشن کی جو سوچ ہے وہ بھول جائیں کوئی مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے“۔

ڈگریوں کی پڑتال کرنے والے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاوید لغاری پر مبینہ دباؤ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھیں ٹی وی رپورٹ کے ذریعے یہ معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خود جاوید لغاری کو مدعو کرکے اس بارے میں بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے حکم پر ہائر ایجوکیشن کمیشن ممبران اسمبلی کی ڈگریوں کی پڑتال کررہا ہے اور گذشتہ ہفتے کمیشن کی طرف سے ایک پریس کانفرنس میں دیے گئے بیان کے مطابق اب تک 29ارکان کی ڈگریاں جعلی قرار دی جاچکی ہیں۔

دریں اثناء پولیس حکام نے بتایا کہ ہفتے کو لاہور کے گڑھی شاہو کے علاقے میں ایک انٹرنیٹ کیفے اور شاہدرہ میں ایک نیٹ کیفے میں ہلکی نوعیت کے کریکر دھماکے ہوئے جس میں کم ازکم پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG