چین نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کے لیے ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں متعین چینی سفیر لیو جیان (Liu Jian) نے اتوار کو پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی اور مون سون بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر اپنے ملک کی حکومت کی جانب سے اظہار ہمدردی کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ چینی حکومت نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے پاکستان کو 47 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ہنگامی امداد کی فوری فراہمی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ چین کو پاکستان کا حقیقی دوست قرار دیتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ چین سیلاب زدگان کے لیے امداد کا اعلان کرنے والا پہلا ملک ہے۔
پاکستانی وزیر نے چینی سفیر کو ملک کے جنوبی صوبہ سندھ میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت لاکھوں متاثرین کے لیے خیموں کی اشد ضرورت ہے۔
آفات سے نمٹنے کے لیے قائم قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ کے مطابق غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے صوبہ سندھ کے 21 اضلاع میں وسیع رقبہ زیر آب آ چکا ہے اور بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایک روز قبل وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے لیکن بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ان کوششوں میں عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔
اُنھوں نے بتایا کہ حکومت ملک میں خیمے تیار کرنے والی کمپنیوں کی مدد سے جلد از جلد ایک لاکھ خیموں کی دستیابی کا بندوبست کرنے میں مصروف ہے۔