رسائی کے لنکس

راحت فتح علی خان کی وطن واپسی


راحت فتح علی خان کی وطن واپسی
راحت فتح علی خان کی وطن واپسی

کسٹم قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں بھارت میں جرمانے کی سزا پانے والے نامور پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان بدھ کو وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

وطن واپسی پر اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ بھارتی کسٹم کے قوانین سے لاعملی اُن کی تحویل اور سزا کا باعث بنی لیکن بعد میں صورت حال واضح ہونے پر حکام نے اُنھیں پاکستان واپس جانے کی اجازت دے دی۔ ”ہم سے یہ غلطی ہوئی کہ (طائفےمیں شامل 14افراد نے) سب نے ایک ہی جگہ ساری رقم رکھی ہوئی تھی لیکن اُنھوں (بھارتی حکام) نے بھی ہم سے کافی رعایت برتی ہے “۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی ملکوں میں اُنھیں عزت دی گئی اور بتایا کہ اگر عزت سے بلایا گیا تو آئندہ بھی بھارت جائیں گے۔

راحت فتح علی خان کو 13 فروری کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی ائیرپورٹ پر بھارتی حکام نے اُس وقت اپنی تحویل میں لے لیا تھا جب تلاشی لینے پر اُن کے سامان سے ایک لاکھ 40 ہزار ڈالرسے زائد نقد رقم برآمد ہوئی ۔ مقامی قوانین کے تحت مسافروں کو صرف پانچ ہزار ڈالر نقد کی رقم ملک سے باہر لے جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن کسٹم کی طرف سے دیئے گئے خصوصی فارم پر اس کی تفصیلات درج کرنا لازمی ہوتا ہے۔

بھارت میں ریوینیو محکمے کے متعلقہ حکام نے پاکستانی گلوکار سے دو مرتبہ کئی گھنٹوں تک تفتیش کی اور بعد میں راحت اور اْن کے منیجر معروف علی کو 15،15 لاکھ انڈین روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ان دونوں افراد پر انڈین فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ اور بھارتی کسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

راحت فتح علی خان نے وطن واپس پہنچنے پر مسرت کا اظہار کیا لیکن بھارت میں جس وقت وہ حکام کے سوالات کا جواب دے رہے تھے اُس دوران پاکستان میں مقامی میڈیا اس جستجو میں رہا کہ کروڑوں روپے کمانے والا یہ نامور گلوکار اپنے ملک میں کتنا ٹیکس ادا کرتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ مبینہ طور پر راحت فتح علی خان کا نام حکام کی اُس فہرست میں نہیں ہے جس میں سالانہ ٹیکس اداکرنے والے افراد کا اندارج ہوتا ہے اور یہ ہی وہ الزام ہے جس کا اس گلوکار کو اب پاکستان میں سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG