رسائی کے لنکس

پشاور کے لیے ایمریٹس ایئر لائنز کی پروازیں معطل


کمپنی نے بیان میں اپنی سروس کی معطلی سے متاثر ہونے والے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا عملہ لوگوں سے رابطے میں ہے اور ان کے لیے متبادل انتظامات کیے جارہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی ایک بین الاقوامی فضائی کمپنی 'ایمریٹس ایئر لائنز' نے پشاور کے لیے اپنی پروازیں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایمریٹس ائیر لائنز کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور آئندہ فیصلے تک پشاور کے لیے اس کی پروازیں معطل رہیں گی۔

ایمریٹس کی طرف سے یہ اعلان منگل کو پشاور میں فوج کے زیر انتظام چلنے والے اسکول پر دہشت گردانہ حملے کے بعد کیا گیا جس میں 132 بچوں سمیت کم از کم 148 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تاہم ایمریٹس نے اپنے بیان میں پروازوں کی معطلی کے فیصلے کا اس واقعے سے کوئی تعلق ظاہر نہیں کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے دوسرے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ کے لیے اس کے پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور پشاور سے پروازیں عارضی طور پر معطل ہونے سے متاثر ہونے والے مسافروں کے لیے متبادل انتطامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سال جون میں پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر اترتے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی 'پی آئی اے' کے طیارے پر فائرنگ کے بعد ایمرٹیس سمیت تین بین الاقوامی فضائی کمپنوں نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر پشاور کے لیے اپنی پروازیں ایک ماہ کے لیے معطل کر دی تھیں۔ دوسری دو فضائی کمپنیاں اتحاد اور سعودی ایئرلائنز تھیں۔

خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں بسلسلہ روزگار مقیم ہے جن کی آمدورفت پشاور کے زیادہ تر پشاور کے ہوائی اڈے سے ہی ہوتی ہے۔

ایمریٹس نے بیان میں اپنی سروس کی معطلی سے متاثر ہونے والے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا عملہ لوگوں سے رابطے میں ہے اور ان کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG