رسائی کے لنکس

امریکہ کا سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی


حالیہ مون سون بارشوں سے پاکستان کے شمال مغربی علاقوں اور صوبہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اس سے اب تک کم ازکم تین افراد ہلاک اور تین لاکھ کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔

امریکہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی رکھتا ہے۔

انھوں نے متاثرین کی امداد میں مصروف لوگوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کو معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

حالیہ مون سون بارشوں سے پاکستان کے شمال مغربی علاقوں اور صوبہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اس سے اب تک کم ازکم تین افراد ہلاک اور تین لاکھ کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر کھڑی فصلوں، سڑکوں، پلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

آفات سے نمٹنے کے ادارے صوبائی حکام کے ساتھ مل کر متاثرین کو مدد فراہم کر رہے ہیں جب کہ پاکستانی فوج بھی ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ساتھ ان امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

پاکستان کو گزشتہ پانچ برسوں سے ہر سال مون سون کے موسم میں سیلابوں کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے اسے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

خیبر پختونخواہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقے چترال میں نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے جب کہ جنوبی صوبہ سندھ کی حکومت نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG