رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی: بھارت کو ہرا کر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر 3 کے مقابلے میں 4 گول سے فتح حاصل کی اور 'چیمپئنز ٹرافی' میں بھارت سے ناقابلِ شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان روایتی حریف بھارت کو ہراکر16 سال بعد ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

ہفتے کو بھارت کے شہر بھوبنیسور میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان ٹیم پر 3 کے مقابلے میں 4 گول سے فتح حاصل کی اور 'چیمپئنز ٹرافی' میں بھارت سے ناقابلِ شکست رہنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا۔

میچ کا پہلا گول بھارت کی جانب سے گیارہویں منٹ میں گورجیندر نے کیا جسے 16 ویں منٹ میں ارسلان قادر نے گول کرکے برابر کردیا۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر میچ 1-1 گول سے برابر تھا۔ میچ کے 32 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے وقاص نے دوسرا گول کرکے قومی ٹیم کو برتری دلادی جسے 42 ویں منٹ میں دھرمویر نے برابر کردیا۔

میچ کے پچاسویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے عرفان نے تیسرا گول کیا جس کے دو منٹ بعد ہی بھارت کی جانب سے نکین نے گول کرکے میچ 3-3 گول سے برابر کردیا۔

پاکستان کی جانب سے آخری اور فیصلہ کن گول میچ ختم ہونے سے دو منٹ قبل ارسلان قادر نے کیا اور پاکستان کو فتح دلانے کے ساتھ 'مین آف دی میچ' کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا جس میں پاکستانی ٹیم جرمنی کا مقابلہ کرے گی۔ جرمن ٹیم ہفتے کو ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 2-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔

فائنل سے قبل اتوار کو ہی میزبان بھارت اور آسٹریلیا تیسری پوزیشن کے لیے آمنے سامنے آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG