رسائی کے لنکس

کراچی: اینٹی شپ کروز میزائل کی فائرنگ کا ’’کامیاب‘‘ مظاہرہ


پاکستان: کروز میزائل کا ’’کامیاب‘‘ تجربہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:28 0:00

پاکستان کی بحریہ اور فضائیہ نے شمالی بحیرہٴ عرب میں لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل کی کامیاب فائرنگ کی۔ میزائل فائرنگ کا یہ مظاہرہ پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیارے JF-17 تھنڈر اور پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس سیف سے کیا گیا جو ایک کثیر المقاصد F-22P فریگیٹ ہے۔

پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے میزائل فائرنگ کا یہ مشترکہ مظاہرہ بحری مشق رباط 18کے اختتامی روز کیا گیا۔

مشق کے دوران JF-17 Thunder سے فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے C-802 AK میزائل اور پی این ایس سیف سے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والے C-802 میزائل کی فائرنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق، ​دونوں پلیٹ فارمز سے فائر کیے جانے والے بحری جہاز شکن میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا۔ تاہم، ترجمان نے کروز میزائل کی رینج کے بارے میں معلومات جاری نہیں کیں۔

ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق بحری مشق کا مقصد ابھرتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات کے تناظر میں جنگی تصورات اور طریقہٴ کار کی جانچ کرنا تھا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ’لائیو ویپن فائرنگ‘ کا مظاہرہ دیکھا۔

اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور فرض کی ادائیگی میں افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، لگن اور عزم و حوصلے کی تعریف کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ایک مضبوط اور مستحکم قوت بن چکی ہے جو ملک کے بحری مفادات کے تحفظ اور بحر ہند میں اپنے بین الاقوامی فرائض کی ادائیگی کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ادھر، علاقائی اور بین الاقوامی ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان و بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں وہ جوہری طاقت کے حامل اِن دونوں ملکوں کے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافے کا ذکر کرتے ہیں، جب کہ ساتھ ہی ان کی جانب سے اسلحے کی خریداری اور میزائل کے تجربات بھی جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG