نئی دہلی —
بھارت کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک جدید ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
بھارت کی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے یہ میزائل مشرقی بھارتی ریاست اوڈیشا کے ساحلی جزیرے عبدالکلام سے داغا گیا۔
یہ میزائل اگنی فائیو آئی سی بی ایم قسم کا تھا۔
بھارت کے ایک اقتصادی جریدے ہندو بزنس لائن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تین منزلہ میزائل کو ایک موبائل لانچر سے داغا گیا، جس نے تقریباً 5 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ لگ بھگ 20 منٹ میں طے کیا۔
سن 2012 میں اگنی فائیو قسم کے میزائل متعارف کرائے جانے کے بعد یہ اس کا پانچواں تجربہ تھا۔ اس سے پہلے ایک اور تجربہ پچھلے مہینے کیا گیا تھا۔