رسائی کے لنکس

ذوالقرنین حیدر کاعالمی کرکٹ میں واپسی کا اعلان


ذوالقرنین حیدر کاعالمی کرکٹ میں واپسی کا اعلان
ذوالقرنین حیدر کاعالمی کرکٹ میں واپسی کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

ذوالقرنین حیدر نے وائس امریکہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ جن وجوہات کی بنا پر انھوں نے کرکٹ سے علیحدگی اختیار کی تھی اب وہ چاہتے ہیں کہ کھیل میں رہ کر ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے جو ان کے بقول غیر قانونی سرگرمیوں سے کرکٹ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ذوالقرنین حیدر (فائل فوٹو)
ذوالقرنین حیدر (فائل فوٹو)

ذوالقرنین حیدر گذشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل غائب ہوگئے تھے اور بعد ازاں وہ لندن میں نمودار ہوئے۔ جہاں انھوں نے سیاسی پناہ کے لیے درخواست بھی دائر کردی تھی۔ ان کے بقول نامعلوم افراد کی طرف سے ان پر سٹے بازی میں ملوث ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا اور انکار کی صورت میں انھیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں جس کے باعث وہ فرار ہوکر برطانیہ چلے گئے تھے۔

تقریباً پانچ ماہ کی خودساختہ جلا وطنی کے بعد ذوالقرنین حیدر گذشتہ مہینے پاکستان واپس آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے دوست احباب سے مشورے کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا ہے لیکن ابھی ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ لندن میں قیام کے دوران وہ اوول کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے رہے ہیں تاہم وطن واپس آکر ابھی تک انھوں نے کوئی پریکٹس نہیں کی ہے۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا اب انھیں ان مبینہ سٹے بازوں سے خطرہ محسوس نہیں ہوتا جن کی وجہ سے انھوں نے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا تو ذوالقرنین حیدر کا کہنا تھا”میں نے یہی فیصلہ کیا ہے کہ ان (سٹے بازعناصر) سے کھیل میں رہ کر مقابلہ کروں گا، اس میں جان بھی جاتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ آئی سی سی اور پی سی بی کی مدد سے ان عناصر کو ثبوت کے ساتھ بے نقاب کرنے میں مجھ سے جو ہوسکے گا میں کروں گا۔“

XS
SM
MD
LG