رسائی کے لنکس

قومی کرکٹ ٹیم کپتان کے بغیر ویسٹ انڈیز روانہ


قومی کرکٹ ٹیم کپتان کے بغیر ویسٹ انڈیز روانہ
قومی کرکٹ ٹیم کپتان کے بغیر ویسٹ انڈیز روانہ

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم جمعرات کے روز ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ایک ٹوئنٹی20، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ تاہم ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ کے کپتان شاہد آفریدی ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہوئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ارکان بدھ کی صبح لاہور سے قطر کے شہر دوحا روانہ ہوئے تو کپتان شاہد آفریدی ان کے ہمراہ نہیں تھے ۔ آفریدی بدھ کی دوپہر اکیلیے کراچی سے دوحا کیلیے روانہ ہوئے جہاں سے وہ باقی ٹیم کے ہمراہ براستہ لندن ویسٹ انڈین شہر سینٹ لوشیا جائینگے۔

کراچی ایئرپورٹ پر جب صحافیوں کی جانب سے کپتان آفریدی سے ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز نہ جانے کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث علیحدہ پرواز سے دوحا جارہے ہیں جہاں وہ ٹیم کو جوائن کرینگے۔

روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان آفریدی نے کہا کہ انہیں پاکستان کی بیٹنگ سائیڈ کے حوالے سے تشویش لاحق ہے اور وہ بطورِ کپتان سیریز کے دوران بیٹنگ بہتر بنانے کی پوری کوشش کرینگے۔

آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کو قومی ٹیم میں شامل کیے جانے والے پانچ نئے کھلاڑیوں کیلیے اپنی کاکردگی دکھانے کا سنہری موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز آئندہ سال ہونے والے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کیلیے پاکستان کی تیاریوں کا آغاز ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے جن پانچ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے ان میں وکٹ کیپر محمد سلمان، بلے باز عثمان صلاح الدین، گیند باز جنید خان اور صدف حسین اور آل رائونڈر حماد اعظم شامل ہیں۔

آفریدی کا کہناتھا کہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیم کے دیگر نوجوان کھلاڑیوں - اسد شفیق، عمر اکمل اور وہاب ریاض – کو بھی اپنی بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوششیں جاری رکھنا ہونگی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز روانہ ہونے سے قبل لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں سیریز میں فتح حاصل کرے گی۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز نوجوان کھلاڑیوں کیلیے اپنی کارکردگی دکھانے کا سنہری موقع ہے جس سے انہیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔

پاکستانی ٹیم اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کا کا آغاز 18 اپریل کو پریکٹس میچ سے کرے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان باقاعدہ میچز کا آغاز 21 اپریل کو ہونے والے ٹی 20 میچ سے ہوگا جو سینٹ لوشیا میں کھیلا جائے گا۔

دورے کے دوران پانچ ایک روزہ میچوں اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائینگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 23 اور دوسرا 25 اپریل کو سینٹ لوشیا ، تیسرا میچ 28 اپریل اور چوتھا یکم مئی کو بارباڈوس جبکہ پانچواں ون ڈے 5 مئی کو گویانا میں ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 سے 16 مئی تک گویانا جبکہ دوسرا 20 سے 24 مئی تک سینٹ کٹس میں کھیلا جائے گا۔

ٹی20 اور ون ڈے میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کرینگے جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ کی کپتانی مصباح الحق کے سپرد ہوگی۔

XS
SM
MD
LG