پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ہونے والی ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کےلیے علیحدہ علیحدہ قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ شاہد آفریدی ون ڈے جبکہ مصباح الحق ٹیسٹ اسکواڈ کی کپتانی کرینگے۔
سابق کپتان محمد یوسف ، شعیب ملک، وکٹ کیپر کامران اکمل اور لیگ اسپنر دانش کنیریا دونوں اسکواڈز میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فتح دلانے والے سابق کپتان یونس خان کی اس کرکٹ فارم سے ریٹائرمنٹ لینے کے باوجودانہیں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی کے ایک ترجمان کے مطابق قومی ٹیم کے سلیکٹرزکی جانب سے فی الحال ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلیے اسکواڈز کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ 22 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 26 دسمبر سے شروع ہونے والے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹونٹی اور چھ ون ڈے میچز کھیلے گی۔
سینئر ٹیسٹ بلے باز اور سابق کپتان محمد یوسف گزشتہ ماہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی گروئن انجری کا شکار ہونے کے باعث ان فٹ ہوکر وطن واپس لوٹ آئے تھے۔ تاہم یوسف کے دوبارہ فٹ ہونے اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے باوجود انہیں دورہ نیوزی لینڈ کیلیے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کی عدم توجہی کا شکار ایک اور سابق کپتان شعیب ملک بھی ہوئے ہیں جنہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود اسکواڈز میں شامل نہیں کیا گیا۔ شعیب ملک نے حال ہی میں قائدِ اعظم ٹرافی نامی ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنا منٹ کے دوران ایک ڈبل سینچری سمیت لگاتار تین سنچریاں اسکور کی تھیں۔
وکٹ کیپر کامران اکمل اور لیگ اسپنر دانش کنیریا بھی اسکواڈز میں شامل نہیں جبکہ فاسٹ بالر سہیل تنویر کی ایک سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سلیکٹرز کو شعیب ملک اور کامران اکمل کے بارے میں بورڈ کی جانب سے کلیئرنس نہیں ملی تھی جس کے باعث ان کے نام زیرِ غور نہیں لائے گئے۔
محسن خان کا کہنا تھا کہ محمد یوسف کو فٹنس مسائل کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ وہاب ریاض کی شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ: مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، توفیق عمر، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، عمر اکمل، عدنان اکمل، تنویر احمد، سہیل تنویر، وہاب ریاض، عمر گل، سعید اجمل اور عبدالرحمن۔
ٹی20 اسکواڈ: شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، احمد شہزاد، یونس خان، عمر اکمل، فواد عالم، عدنان اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمن، عبدالرزاق، عمر گل، شعیب اختر، تنویر احمد، سہیل تنویر اور وہاب ریاض۔