رسائی کے لنکس

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان


حفیظ، عماد پاکستان اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔ ایشیا کپ رواں ماہ 15 ستمبر سے دبئی میں شروع ہوگا، جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 15 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ٹیم کی قیادت کریں گے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ اور عماد وسیم ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔ٹیم میں 6 فاسٹ بولر فہیم اشرف، حسن علی، عثمان خان، محمد عامر، شاہین آفریدی اور جنید خان کو شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے حیرت انگیز طور پر زمبابوے کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم میں جگہ بنانے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

فٹنس مسائل کے شکار عماد وسیم بھی فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔ وہ 18 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل واحد کھلاڑی تھے جو گزشتہ روز فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم، اُنہیں فٹنس ثابت کرنے کے لئے آج ایک اور موقع دیا گیا، لیکن پھر بھی سلیکٹرز کو متاثر نہ کرسکے۔

عماد وسیم گزشتہ برس گھٹنے کی انجری کے باعث محدود اوور کی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ لیکن، وہ رواں برس بھی پاکستان کی طرف سے کسی بھی فارمیٹ میں کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیل پائے۔ اُن کی جگہ اسپن بولنگ آل راؤنڈر محمد نواز سلیکٹرز کی پہلی چوائس تھے۔

سولہ رکنی اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد (کپتان)، حارث سہیل، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، جنید خان، عثمان خان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلے گا جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، جبکہ ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا 19 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG