دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنا لئے ہیں۔ عثمان خواجہ 17 اور ایرون فنچ 13رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
کپتان سرفراز نے پہلی کامیابی کے لئے ہرممکن کوشش کی اور صرف 13 اورز کے دوران تین اسپنرز یاسرشاہ، محمد حفیظ اور بلال آصف سمیت 5 بولرز آزمائے لیکن کسی کو کامیابی نہ ملی۔
دوسرے روز مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل اور اسد شفیق کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے۔ حارث سہیل نے ٹیسٹ کیریئر میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی جبکہ اسد شفیق نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے پیر کو 255 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی لیکن نائٹ واچ مین محمد عباس اسکور میں کسی بھی رن کا اضافہ کیے بغیر سِڈل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اسد شفیق نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کا اضافہ کرکے اسکور 410 رنز تک پہنچادیا۔ اسد شفیق جو کافی پراعتماد انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے لبوس چاگنے کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 80 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم صرف 4 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس دوران حارث سہیل نے آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنائی۔ وہ 110 رنز بناکر لایون کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز آج بھی اچھی پرفارمنس نہ دکھا سکے اور صرف 15 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔
بعد میں آنے والے بیٹسمین بھی آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 482رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔
پیٹر سِڈل نے تین، نیتھن لایون نے دو جبکہ مچل اسٹارک، جون ہالینڈ اور مارنس لبوس چاگنے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 30رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ عثمان خواجہ 17 اور ایرون فنچ 13رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔