پاکستان نے ایک ریٹائرڈ جج کو کرکٹ بورڈ کا قائم مقام چیئرمین تعینات کیا ہے، تاکہ وہ بورڈ کے چیئرمین کے لیے نئے انتخابات کی نگرانی کر سکیں۔
اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے جمعرات کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ جسٹس (ریٹائرڈ) جمشید علی پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ کے نئے آئین کے مطابق چیئرمین کے عہدے کے لیے انتخابات کروائیں گے۔
سپریم کورٹ کا دو رکنی بینچ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سابق چیئرمین ذکا اشرف اور نجم سیٹھی کی طرف سے بورڈ کی سربراہی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے۔
اٹارنی جنرل نے بینچ کو بتایا کہ سابق جسٹس جمشید علی کو تیس دن کے لیے بورڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی میں شامل کیا گیا۔
نجم سیٹھی بطور چیئرمین ’پی سی بی‘ کام کر رہے تھے۔
حالیہ مہینوں میں نجم سیٹھی اور سابق چیئرمین ذکا اشرف کے درمیان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے ’رسہ کشی‘ کو مبصرین ملک میں کرکٹ کے کھیل کے لیے منفی قرار دیتے رہے ہیں۔
ذکا اشرف کو دو بار عدالت نے چیئرمین کے عہدے پر بحال کیا، لیکن حال ہی میں پاکستان کی اعلیٰ ترین عدلیہ نے ذکا اشرف کی بطور چیئرمین کرکٹ بورڈ بحالی کے عدالت عالیہ کے فیصلے پر عمل در آمد معطل کر دیا تھا۔