رسائی کے لنکس

مہمند ایجنسی: شدت پسندوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک


مہمند ایجنسی: شدت پسندوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک
مہمند ایجنسی: شدت پسندوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ طالبان مخالف قبائلی عمائدین کے گھروں پر پیر کی صبح عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے عہدے داروں نے بتایا کہ درجنوں شدت پسندوں نے تحصیل صافی کے علاقے زیارت مسعود میں امن کمیٹی کے اراکین ملک غازی گل اور ملک میاں گلاب کے گھروں پر دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق حملے میں غازی گل شدید زخمی ہوئے اور اُن کا 12 سالہ بیٹا ہلاک ہو گیا۔ جب کہ میاں گلاب حملے میں محفوظ رہے لیکن اُن کا بیٹا، بھائی اور بھتیجا مارے گئے۔ دونوں واقعات میں زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

اتوار کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی کے پہاڑی سلسلے ولی داد میں شدت پسندوں کے مضبوط گڑھ کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیوں میں کم از کم 25 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ شدید جھڑپوں میں چار فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی بھی ہوئے۔

افغان سرحد سے ملحق اس شورش زدہ قبائلی علاقے کے دور افتادہ حصوں تک ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی رسائی نا ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات کا غیر جانبدار ذرائع سے حصول تقریباً ناممکن ہے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران عسکریت پسند قبائلی علاقوں مہمند اور باجوڑ کے علاوہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع دیر بالا میں سکیورٹی فورسز اور حکومت حامی قبائلی عمائدین پر متعدد ہلاکت خیز حملے کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG