شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
منگل کی شام پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ٹاس جیتنے کے بعد باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کانوے ٹاپ سکورر رہے۔ دونوں نے ستائیس ستائیس رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل کی اننگ میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں کپتان کین ولیمسن نے چھبیس گیندوں پر پچیس رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث روف کامیاب ترین باولر رہے۔ انہوں نے چار اووروں میں 22 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ حارث روف کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت پر تنقید ہوتی رہی ہے۔ لیکن بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچوں میں انہوں نے نپی تلی باولنگ کی ہے۔
بھارت کے خلاف پاکستان کی طرف سے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کرنے والے شاہین آفریدی اس میچ میں بھی بھرپور ردھم میں نظر آئے۔ انہوں نے پہلا اوور میڈن کرایا اور مجموعی طور پر چار اووروں میں 21 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے یہ ہدف پانچ وکٹوں 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ 27 پر پانچ وکٹیں گرنے اور وکٹ کے سلو ہونے کے بعد جب رنز بنانا مشکل ہو رہا تھا میچ دچسپ ہو گیا۔ اس موقع پر آصف علی کی تیز رفتار بلے بازی نے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔ انہوں نے 12 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ تجربہ کار شعیب ملک 27 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ محمد رضوان 33 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ کپتان بابر اعظم 9 کے انفرادی سکور پر ساوتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ساوتھی نے چار اووروں میں انتیس رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سینٹلر، ساوتھی، اور بولٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔
پاکستان نے اس میچ میں اپنی وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جس نے بھارت کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے والی کیویز ٹیم اور گرین شرٹس اس واقعہ کے بعد پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 24 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 14 میچز جیتے جب کہ نیوزی لینڈ 10 میچز میں فتح یاب رہی۔
اسی طرح ٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلوں میں بھی دونوں ٹیمیں پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئیں، جن میں پاکستان ٹیم نے تین مرتبہ بازی اپنے نام کی اور دو میچز نیوزی لینڈ کے نام رہے۔
منگل کو کھیلا جانے والا میچ دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ میں چھٹا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ تھا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم:
کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیوون کونوئے، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساوتھی، ٹرینٹ بولٹ، اِش سودھی
پاکستان کی ٹیم:
بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف، شاہین آفریدی