افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلے میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو 130 رنز کے بڑے فرق کے ساتھ شکست دے دی ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 190 رنز میں تعاقب میں صرف ساٹھ پر ہی آوٹ ہو گئی۔ مجیب الرحمٰن نے پانچ اور راشد خان نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم افغانستان کی تجربہ کار سپن اٹیک کے سامنے جم کر کھیلنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف ساٹھ کے اسکور پر آوٹ ہو گئی۔ اوپننگ بلے باز جارج منسی دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ دیگر دو بلے باز جو ڈبل فگر میں داخل ہو سکے ان میں کائل کورٹزر نے دس اور کرس گریوز نے بارہ رنز بنائے۔
افغانستان کے لیفٹ آرم سپن باولر مجیب الرحمٰن نے بہترین باولنگ کرتے ہوئے چار اوروں میں بیس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس شاندار کارکردگی پر مجیب رحمٰن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مجیب کی جارحانہ باولنگ سے نا تجربہ کار اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ابھی سنبھل نہ پائی تھی کہ رہی سہی کسر لیگ سپنر راشد خان نے پوری کر دی۔ انہوں نے دو اعشاریہ دو اوروں میں یعنی صرف چودہ گیندوں پر چار وکٹیں اڑا دیں اور صرف نو رنز دیے۔
اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوروں میں 190 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی نے صرف تیس گیندوں پر چوالیس رنز کی اننگ کھیلی جس میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ وہ واٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ محمد شہزاد 22 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رحمت اللہ گرباز اور مڈل آرڈر نجیب اللہ زردان نے بھی جارحانہ انداز میں بینٹنگ کی اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ستاسی رنز کی شراکت داری ہوئی۔
رحمت اللہ 37 گیندوں پر46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ان کی اننگ میں چار چھکے شامل تھے۔ نجیب اللہ زردان نے صرف 34 گیندوں پر 59 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ کپتان محمد نبی نھ چار گیندوں کا سامنا کیا اور ان کا اسکور گیارہ رنز ناٹ آوٹ رہا۔
اسکاٹ لینڈ کی طرف سے سفیان شریف چار اوروں میں تینیتس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر سکے اور کامیاب ترین باولر رہے۔ جاش ڈیوی اور مارک واٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
افغانستان سے تعلق رکھنے والے شائقین کرکٹ نے بڑی تعداد میں سٹیڈیم میں میچ دیکھا اور اپنے کھلاڑیوں کو بہترین پرفارمنس پر کھل کر داد دی۔
دوسری طرف افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان سہیل شاہین نے افغانستان کی ٹیم کو فتح پر مبارک باد دی ہے۔
سہیل شاہین نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ افغانستان کی ٹیم اور پوری قوم کو سکاٹ لینڈ کے خلاف یہ بڑی فتح مبارک ہو۔
انہوں نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے ’’ ویل ڈن بوائز! مستقبل میں بھی کامیابیوں میں اللہ آپ کا حامی ہو۔ اسی جذبے سے کھیلتے رہیے‘‘