رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی


بھارت کے خلاف پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 79 اور کپتان بابر اعظم نے 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
بھارت کے خلاف پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 79 اور کپتان بابر اعظم نے 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت نے مقررہ 20 اورورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹںگ کرتے ہوئے 17 اعشاریہ پانچ اوورز میں ہدف باآسانی حاصل کیا۔

دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور بھارتی بالروں کو وکٹ حاصل کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ کپتان بابر اعظم نے 40 اور محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں۔

محمد رضوان نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 79 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چھ چوکے بھی شامل تھے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شاہین شاہ آفریدی کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔ شاہین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جس میں بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کی وکٹ بھی شامل تھی۔

پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے بھارت کے خلاف ورلڈکپ مقابلوں میں شکست کی روایت بھی توڑ دی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ مقابلوں میں آٹھ مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے۔ بھارت نے آٹھ میں سے سات میچز میں پاکستان کو شکست دی اور آج کے میچ میں پاکستان نے واحد کامیابی حاصل کی۔

اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹںگ کی تو کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں بلے باز شاہین شاہ آفریدی کے ابتدائی اوورز میں ان کے شکار بن گئے۔

شرما پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ راہول تیسرے اوور میں تین رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان وراٹ کوہلی اور سوریا کمار یادیو نے 25 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 31 تک پہنچا تو حسن علی کی گیند پر یادیو وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

کوہلی اور ریشبھ پنت نے چوتھی وکٹ پر محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ اور سنگل ڈبل سے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے 53 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 84 تک پہنچا تو پنت 39 رنز بنا کر لیگ اسپنر شاداب خان کا شکار بن گئے۔

چار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی نے ذمہ دارانہ انداز میں رنز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

کوہلی نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ روندرا جڈیجا 13 اور ہاردک پانڈیا 11 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، حسن علی نے دو، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

بھارتی ٹیم کی فائنل الیون میں کے ایل راہول، روہت شرما، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، بھونیشور کمار، محمد شامی، جسپریت بھمرا اور ورن چکرورتی شامل تھے۔

ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ بھارتی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں۔

بھارتی کپتان وراٹ کوہلی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ جب کہ بابر اعظم بحیثیت کپتان پہلی مرتبہ کسی بڑے ایونٹ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی قیادت کر رہے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے پہلی مرتبہ نئے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی نگرانی میں کسی بڑے ایونٹ میں شرکت کی ہے جب کہ بیرونِ ملک سے بلائے گئے کنسلٹنٹ آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن بلے بازوں اور جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر بالرز کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG