رسائی کے لنکس

بالرز اور مڈل آرڈر دونوں چل گئے، پاکستان کی نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی


Pakistan Cricket
Pakistan Cricket

پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کی جیت میں جہاں بالرز کا اہم کردار ہے وہیں مڈل آرڈر بلے بازوں نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔

جمعرات کو کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی بالرز نے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دکھایا۔ میزبان ٹیم 44 اعشاریہ ایک اوورز میں ہی 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

فاسٹ بالر حارث رؤف اور اسپنر محمد نواز نے تین تین جب کہ نسیم شاہ نے دو، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے، فخر زمان تین اور امام الحق چھ رنز بنا سکے لیکن کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھرپور ذمے داری کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔

پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 99 تک پہنچا تو بابر اعظم 57 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد رضوان اور آغا سلمان کریز پر ڈٹے رہے اور 33 اعشاریہ چار اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔

محمد رضوان 69 اور آغا سلمان 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد نواز کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

XS
SM
MD
LG