رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں ’30 دہشت گرد ہلاک‘


ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں غیر ملکی جنگجو بھی بتائے جاتے ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تعداد یا مارے جانے والوں کی شناخت سے متعلق تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فوج کے مطابق جمعہ کو کی گئی فضائی کارروائی میں کم از کم 30 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جب کہ اُن کے ٹھکانے تباہ ہو گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق تازہ کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں غیر ملکی جنگجو بھی بتائے جاتے ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تعداد یا مارے جانے والوں کی شناخت سے متعلق تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

جس علاقے میں یہ آپریشن جاری ہے وہاں تک میڈیا کی رسائی بہت محدود ہے۔

فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے بیشتر علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے اور مضافاتی علاقے میں کارروائی کی جا رہی ہے جب کہ شدت پسندوں سے قبضے میں لیے گئے بھاری مقدار میں گولہ و بارود کو ناکارہ بنانے کا کام بھی جاری ہے۔

شمالی وزیرستان میں فوج نے 15 جون کو ’ضرب عضب‘ کے نام سے آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد اس قبائلی علاقے سے چھ لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر کے صوبہ خیبر پختونخواہ اور ملک کے دیگر علاقوں میں منتقل ہو گئے۔

فوج کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کی جا رہی ہے۔ شمالی وزیرستان سے فرار ہونے والے دہشت گرد، جنہوں نے بعد میں خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں پناہ لے لی تھی اب اُن کے خلاف بھی آپریشن کیا جا رہا ہے۔

خیبر ایجنسی میں بھی حکام کے مطابق 150 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ 250 سے زائد نے خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG