رسائی کے لنکس

دورہ بھارت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان


فائل
فائل

25 دسمبر سے شروع ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران میں روایتی حریفوں کے درمیان دو ٹوئنٹی20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ ہونے والے دورہ بھارت کے لیے ٹوئنٹی20 اور ون ڈے ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ محمد حفیظ ٹی20 اور مصباح الحق ون ڈے اسکواڈ کے کپتان ہوں گے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی اور شعیب ملک کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے لیکن دونوں کھلاڑی ٹی20 اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

بلے باز عمران نذیر اور آل رائونڈر عبدالرزاق دورہ بھارت کے لیے دونوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شامل نہیں جب کہ سابق کپتان یونس خان کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ یاسر عرفات، محمد سمیع اور عمران نذیر بھی ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کردیے گئے ہیں۔

ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 'قائدِ اعظم ٹرافی' میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ذوالفقار بابر کو دونوں فارمیٹ کی ٹیموں میں شامل ہیں۔

پیر کی شام لاہور میں ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا لیکن امید ہے کہ وہ مستقبل میں ٹیم میں اپنی جگہ بناسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کسی کھلاڑی کی عدم شمولیت کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اس کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ آفریدی مسلسل 'آئوٹ آف فارم' چلے آرہے ہیں جس کے باعث انہیں کرکٹ شائقین اور تجزیہ کاروں کی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ان کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران میں روایتی حریفوں کے درمیان دو ٹوئنٹی20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کےمطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 22 دسمبر کو بنگلور پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 25 دسمبر کو پہلا ٹوئنٹی20 میچ ہوگا۔ دوسرا ٹوئنٹی20 میچ ایک روز بعد 27 دسمبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 30 دسمبر سے چنائی میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری کو کلکتہ جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 جنوری کو دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

دورہ بھارت کے لیے پاکستان کے 'ون ڈے اسکواڈ' میں کپتان مصباح الحق کے علاوہ ناصر جمشید، محمد حفیظ، اظہر علی، یونس خان، حارث سہیل، کامران اکمل، سعید اجمل، وہاب ریاض، جنید خان، عمر گل، عمران فرحت، عمر اکمل، انور علی اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔

پاکستان کا 15 رکنی ٹی20 اسکواڈ کپتان محمد حفیظ، ناصر جمشید، کامران اکمل، عمر اکمل، عمر امین، شہباز ملک، شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، سہیل تنویر، عمر گل، اسد علی، ذوالفقار بابر اور احمد شہزاد پر مشتمل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ سال کے وقفے بعد یہ پہلی دو طرفہ سیریز ہوگی۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 2007ء میں آخری بار بھارت کا دورہ کیا تھا لیکن نومبر 2008ء میں ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے یک طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط معطل کردیے تھے۔

تاہم اس عرصے میں عالمی کپ، چیمپیئنز ٹرافی اور ایشیا کپ میں دونوں ملک ایک دوسرے کے مدِ مقابل آتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG