رسائی کے لنکس

پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی خوش آئند


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکا اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکا اشرف

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ یہ ابھی شروعات ہیں اور انھیں امید ہے کہ اب مزید معاملات آگے بڑھیں گے۔


بھارت نے آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹونٹی اور تین ایک روز بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کی ملک میں آمد 22 دسمبر کو ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی 25 دسمبر کوبنگلور میں جبکہ دوسرا 27 دسمبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

اس کے تین دن بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چنئی میں پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلیں گی جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب تین اور چھ جنوری کو کولکتہ اور نئی دہلی میں ہوگا۔

بھارتی وزارت داخلہ نے قومی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کو منگل کو پاکستان کے خلاف میچوں کی میزبانی کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکاء اشرف نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان کرکٹ کے روابط کی بحالی ایک خوش آئندہ پیش رفت ہے۔

’’یہ ابھی شروعات ہے۔۔۔مجھے امید ہے کہ معاملات مزید آگے بڑھیں گے، رستے اور کھلیں گے نہ صرف تعلقات اچھے ہوں گے بلکہ سرحد کے دونوں جانب ٹیمیں کھیلیں گی، ہماری وہاں جائے اور ان کی ٹیم یہاں آئے گی۔‘‘

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2007ء کے وسط میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔ تاہم بین الاقوامی مقابلوں کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان اس عرصے کے دوران بھارت میں میچ کھیلے گئے ہیں جن میں آخری میچ عالمی کپ 2011ء کے سلسلے میں موہالی کا سیمی فائنل تھا جو بھارتی ٹیم نے جیت لیا تھا۔

ممبئی میں نومبر 2008ء میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ مقابلوں کا سلسلہ بھی معطل کردیا تھا۔
XS
SM
MD
LG