پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 40 رنز بنائے تھے اور اس کی ایک وکٹ گر گئی تھی۔
کنگسٹن اوول، برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 393 رنز بناکر آوٹ ہو گئی۔ اس اسکور کے ساتھ ہی اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف 81 رنز کی برتری حاصل ہو گئی جبکہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگزابھی باقی ہے۔
کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے 172 رنز تین کھلاڑی آوٹ سے نامکمل اننگز آگے بڑھائی۔
گذشتہ روز کی ناٹ آؤٹ جوڑی اظہر علی نے 81 اور مصباح الحق نے7 رنز کے ساتھ محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے کھیل کے پہلے سیشن میں صرف 54 رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلا نقصان کھانے کے وقفے کے بعد اس وقت اٹھانا پڑا جب اظہر علی 105رنز بناکر بشو کی گیند پر وکٹ کیپر ڈوروچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
کپتان مصباح الحق نے محتاط رویہ جاری رکھا اور اسد شفیق کے ساتھ مل کر اسکور 316 رنز تک پہنچا دیا۔ مصباح الحق 99 رنز بناکر صرف ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انہیں جیسن ہولڈر نے ہوپ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔
مصباح الحق کے ٹیسٹ کیریئر میں یہ تیسرا موقع ہے جب وہ ایک رن کی کمی کے باعث سنچری نہ بناسکے۔
مصباح کے آوٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی گئیں، سرفراز احمد 9، اسد شفیق 15، محمد عامر 10 بنا کر آوٹ ہوئے۔
یاسر شاہ اور شاداب خان نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا اور نویں وکٹ کی شراکت میں 30 رنز بناکر اسکور 384 رنز تک پہنچا دیا۔
شاداب خان 16 رنز بناکر یاسر شاہ کا ساتھ چھوڑ گئے۔ مجموعی اسکور میں صرف 9 رنز کے اضافے کے بعد یاسرشاہ 24 رنز بناکر آوٹ ہو گئے۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 393 رنز بناکر آوٹ ہو گئی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 81 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریل نے 4 جبکہ ہولڈر اور بشو نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔