رسائی کے لنکس

گیلانی اسٹریٹیجک مذاکرات کے لیے برطانیہ روانہ

’’اینہانسڈ‘‘ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا آغاز گزشتہ اپریل میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دورہِ پاکستان کے موقع پر ہوا تھا۔
’’اینہانسڈ‘‘ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا آغاز گزشتہ اپریل میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دورہِ پاکستان کے موقع پر ہوا تھا۔

وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ’اسٹریٹیجک ڈائیلاگ‘ کے پہلے سالانہ جائزہ میں شرکت کے لیے منگل کو لندن روانہ ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر گیلانی نے کہا کہ وہ اس چھ روزہ دورے میں اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کے علاوہ وزراء، اراکین پارلیمان، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

’’ہم آئندہ دو، تین سالوں میں دوطرفہ تجارت (کے سالانہ حجم) میں اڑھائی ارب پاؤنڈز (تقریباً 366 ارب روپے) کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

پاکستانی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ برطانوی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت میں افغانستان میں سلامتی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وفاقی وزراء سمیت 12 رکنی وفد بھی مسٹر گیلانی کے ہمراہ برطانیہ گیا ہے جہاں تجارت، اقتصادی و ترقیاتی تعاون، تعلیم و صحت، اور دفاع و سلامتی سے متعلق اُمور پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا جو ’’استحکام اور امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عالمی و علاقائی اُمور میں تعاون کر رہے ہیں۔‘‘

’’اینہانسڈ‘‘ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا آغاز گزشتہ اپریل میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دورہِ پاکستان کے موقع پر ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG