رسائی کے لنکس

توہین عدالت کیس کا تفصیلی فیصلہ باعث حیرت نہیں: گیلانی


فائل
فائل

وزیر اعظم گیلانی کے مطابق، آئین اور قانون کے تحت اُنھیں اپیل کا حق حاصل ہے اور اِسی حق کے تحت وہ اپیل کرکے مستعفی ہونے کے بجائے قانونی جنگ لڑیں گے

پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ توہین عدالت کیس کا تفصیلی فیصلہ اُن کے لیے باعثِ حیرت نہیں ہے، کیونکہ اُنھیں معلوم تھا کہ تفصیلی فیصلہ اُن کے بیرونِ ملک دورے کے وقت جاری کیا جائے گا۔

برطانوی اراکینِ پارلیمان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی نے مستعفی ہونے کے مطالبات رد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن راہنماؤں کو پہلے قومی اسمبلی کا رکن بننا چاہیئے جس کے بعد منتخب وزیر اعظم سے اسمبلی کے ایوان میں بات کریں۔

وزیر اعظم گیلانی کے مطابق، آئین اور قانون کے تحت اُنھیں اپیل کا حق حاصل ہے اور اِسی حق کے تحت وہ اپیل کرکے مستعفی ہونے کے بجائے قانونی جنگ لڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور اُن کی حکومت بھارت سے تعلقات کی بہتری میں پیش رفت جاری رکھے گی۔

اُن کے الفاظ میٕں، ہم نے بارہا یہ کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین کو پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لیکن، ہم اسی طرح کی توقعات اپنے پڑوسی ممالک سے بھی رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم گیلانی نے افغانستان اور پاکستان میں قیامِ امن کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا حل افغانستان کے اندر ہی موجود ہے۔ قیام ِ امن کی کوششیں افغانیوں نے خود اور اپنی سربراہی میں ہی کرنی ہوں گی۔

اُنھوں نے اپنے دورہٴ برطانیہ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہEnhanced Strategic Dialogueکے تحت دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی ضروریات اور توقعات کو سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

وزیر اعظم گیلانی نے بدھ کی صبح برطانوی وزیر داخلہ تھریسا مئی سےملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور، سکیورٹی اور افغانستان کی صورتِ حال کے بارے میں گفتگو کی۔

پاکستانی وزیر اعظم جمعرات کی شام اپنےبرطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے اہم ملاقات کریں گے جس میں اسٹریٹجک ڈائلاگ میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ 2015ء تک مقرر کیے گئے ڈھائی بلین پاؤنڈ کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے روڈ میپ پر بھی اتفاق کیا جائے گا۔

برطانیہ میں پاکستانی سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم گیلانی کے دورے کے خلاف جمعرات کے روز لندن کے ٹرفلگر اسکوائر میں احتجاجی ریلی، جب کہ پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے حق میں ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG