پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سابق گورنر چوہدری محمد سرور عمران خان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔
چوہدری محمد سرور نے گزشتہ ماہ کے اواخر ہی میں آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
اُنھوں نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان منگل کو اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد کی گئی ایک تقریب میں کیا، جہاں عمران خان اور اُن کی جماعت کے دیگر سینئیر رہنما بھی شریک تھے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور اُن کے بقول پاکستان کو درپیش بہت سے مسائل پر اُن کے اور عمران خان کے نظریات میں ہم آہنگی ہے۔
’’پاکستان کے جتنے بھی مسائل ہیں اُن کی بڑی وجہ بدانتظامی، بدعنوانی اور انصاف کی عدم فراہمی ہے۔۔۔ اور یہ ہی اصول ہمارے لیڈر عمران خان کے ہیں۔‘‘
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جماعت کو ایک ادارے میں ڈھالنا چاہتے ہیں اور اُن کے بقول چوہدری محمد سرور اس میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
پنجاب کے گورنر کی حیثیت سے مستعفی ہوتے وقت چوہدری محمد سرور نے کہا تھا کہ اُن کے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کسی طرح کے اختلافات نہیں ہیں۔
وہ تقریباً 18 ماہ تک صوبہ پنجاب کے گورنر رہے۔
معروف سیاسی و کاروباری شخصیت محمد سرور برطانیہ میں رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور بطور گورنر پنجاب تقرری سے قبل اُن کے بقول انھوں نے اپنی برطانوی شہریت ترک کر دی تھی۔