رسائی کے لنکس

ہنگو: مشتبہ بم دھماکے میں 18 افراد ہلاک


دھماکے سے زخمی ہونےو الے ایک شخص کو ہسپتال لایا جارہا ہے
دھماکے سے زخمی ہونےو الے ایک شخص کو ہسپتال لایا جارہا ہے

پاکستانی پولیس نے کہا ہے کہ پیر کی صُبح کوہاٹ - ہنگو روڈ پر ایک مسافر وین میں ہونے والے طاقتور مشتبہ بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ دھماکے میں وین مکمل طور پرتباہ ہوگئی۔

ضلعی پولیس افسر عبدالرشید خان کے مطابق عقب سے آنے والی ایک دوسری وین میں سوار کم از کم گیارہ مسافر بھی دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر کوہاٹ اور ہنگو کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ یہ واقعہ جوزارہ کے علاقے میں پیش آیا۔

ہسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

کوہاٹ انتظامیہ کے اعلیٰ ترین عہدے دار خالد خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم نے ابتدائی طور پر اطلاع دی ہے کہ تباہ شدہ وین سے دھماکا خیز مواد کے باقیات بھی ملے ہیں جس سے ان خدشات کو تقویت ملتی ہے کہ وین میں بم نصب کیا گیا تھا۔

تاہم ڈی پی او اور ڈی آئی جی کوہاٹ دونوں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے بظاہر یہ دھماکا گاڑی میں نصب گیس کا ایک سیلنڈر پھٹنے سے ہوا۔

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں سرگرم شدت پسند صوبہ خیبر پختون خواہ کے متعدد شہروں میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور اُنھوں نے حالیہ دونوں میں ہنگو اور کوہاٹ میں ہونے والے بم حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

دریں اثنا ایک غیر سرکاری تنظیم پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹڈیز نے اپنی تازہ ترین سالانہ جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں گذشتہ سال 2009ء کی نسبت تشدد کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔

تاہم قابل تشویش امر یہ ہے کہ شورش زدہ شمال مغربی قبائلی علاقوں میں طالبان عناصر کے خلاف حالیہ مہینوں کے دوران کی گئی موثر فوجی آپریشنز کے بعد عسکریت پسندوں اور ان سے منسلک کالعدم انتہا پسند مذہبی تنظیموں نے کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں دہشت گرد کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

پیر کے روز باضابطہ طور پر جاری کی گئی رپورٹ میں شدت پسندی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرکاری سطح پر ایک مربوط حکمت عملی پر زور دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG