رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جین ہیکمن اہلیہ سمیت گھر میں مردہ پائے گئے


جین ہیکمین اور ان کی اہلیہ بیٹسی اراکوا۔ (فائل فوٹو)
جین ہیکمین اور ان کی اہلیہ بیٹسی اراکوا۔ (فائل فوٹو)
  • جین ہیکمین کا فنی سفر چار دہائیوں سے زیادہ پر محیط ہے۔
  • انہوں نے ہیرو، ولن، کامیڈی اور مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔
  • ہیکمین نے بہترین اداکاری پر دو مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔
  • پولیس حکام کے مطابق ہیکمین کے مکان سے تاحال کسی مشتبہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔

ویب ڈیسک -- آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار جین ہیکمین، ان کی اہلیہ اور پالتو کتا اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق تاحال جائے وقوعہ سے کسی مشکوک سرگرمی کے شواہد نہیں ملے ہیں تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں ۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق ریاست نیو میکسیکو کے شہر سینٹا فےمیں جمعرات کو اداکار کی رہائش کے ایک ویلفیئر چیک کے دوران دو پہر ایک بج کر 45 منٹ پر 95 سالہ ہیکمین، ان کی اہلیہ بیٹسی اراکوا اور ان کا کتا مردہ حالت میں پائے گئے۔

ہیکمین اپنے دور کے بہترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے 1960 سے 2000 کی دہائی کے دوران ہیرو، ولن اور کامیڈی سمیت ہر طرح کے کردار ادا کیے۔

وہ پانچ بار آسکر کے لیے نامزد ہوئے اور انہوں نے یہ ایوارڈ دو بار اپنے نام کیا۔ انہیں 1972 میں فلم 'دی فرینچ کنکشن' میں بہترین اداکاری کے شعبے میں آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں دوسرا اکیڈمی ایوارڈ 1992 میں 'ان فورگوٹن' میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر ملا تھا۔

نیو میکسیکو کے ایک اخبار کے مطابق ہیکمین 1980 کی دہائی میں سینٹا فے منتقل ہوئے تھے اور ایک گیٹڈ کمیونٹی میں رہائش پذیر تھے۔ وہ اکثر علاقے میں دکھائی دیتے تھے اور 1990 کی دہائی سے ایک مقامی میوزیم کے بورڈ کے رکن بھی تھے۔

تاہم گزشتہ 20 سال کے دوران وہ سوائے ایوارڈ تقریبات کے ہالی وڈ کی سماجی سرگرمیوں سے دور رہے۔ گزشتہ برس انہوں نے ناولز بھی تصنیف کیے۔

اس خبر میں شامل معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG