فلمی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز ’آسکر ایوارڈز‘ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا۔ پاکستان ایک بار پھر آسکر کے حوالے سے شہ سرخیوں میں ہے، کیونکہ پاکستان کی دستاویزی فلم ’اے گرل ان دا ریور۔۔۔‘ شارٹ فلم کیٹیگری میں نامزد ہو گئی ہے۔اس کے برعکس سال میں 1000 کے آس پاس فلمیں بنانے والے بھارت کی کوئی بھی فلم آسکر ایوارڈز کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
نامزدگی کا اعلان ہوتے ہی پاکستان میں اب ہر کوئی یہ توقع کررہا ہے کہ آسکر کی ٹرافی دوبارہ پاکستان کا رخ کرے گی، کیوں کہ سال 2012ء میں شرمین عبید چنائے کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’دی سیونگ فیس‘ نے آسکرایوارڈ جیتا تھا اور ’اے گرل ان دا ریور۔۔‘ کی ڈائریکٹر بھی شرمین چنائے ہی ہیں۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے، اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے شرمین عبید چنائے کو ’گرل ان دی ریور‘ کی اکیڈمی ایوارڈز میں نامزدگی پر مبارکباد دی ہے۔ فلم کا موضوع غیرت کے نام پر ہونے والے قتل ہیں۔ فلم پاکستانی معاشرے کے مختلف طبقات کی عکاسی کرتی ہے۔
فلم ’دی ریوننٹ‘ آسکر کی دوڑ میں سرفہرست
دیگر نامزدگیوں میں لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلم ’دی ریوننٹ‘ 12 نامزدگیوں کے ساتھ آسکر کی دوڑ میں سرفہرست ہے جبکہ باقی فلموں میں’بروکلین‘، ’میڈمیکس فیوری روڈ‘، ’دی مارشین‘، اور ’روم او راسپاٹ لائٹ‘ شامل ہیں۔
بہترین اداکار اور اداکارہ کون؟
سال کے بہترین اداکار کی نامزدگیوں میں لیونارڈو ڈی کیپریو، میٹ ڈیمون، ایڈی ریڈمین، برائن کرینسٹن اور مائیکل فیس بینڈر شامل ہیں جبکہ ہیروئن کی کیٹیگری میں کیٹ بلانچیٹ فلم کیرل، بری لارسن فلم روم، جینیفر لارنس کو فلم ’جوائے‘ میں عمدہ اداکاری دکھانے پر نامزد کیا گیا ہے۔
بہترین سپورٹنگ رول
اس کیٹیگری میں کرسیٹن بیل (دی بگ شارٹ)، ٹام ہارڈی (دی ریوننٹ)، مارک ریفلو (اسپاٹ لائٹ)، مارک ریلائنس (برج آف اسپائیز) اور سلوسیٹر اسٹالون( فلم ’کریڈ‘) کے درمیان مقابلہ ہے۔
بہترین سپورٹنگ ایکڑیس
بہترین سپورٹنگ ایکڑیس کی ٹرافی کے لئے جینفر جیسن لیھ (دی ہیٹ فل ایٹ)، رونی مارا (کیرل)، ریچل مک ایڈمز (اسپاٹ لائٹ)، ایلیسیاویکنڈر (دی ڈینش گرل) اور اسٹیو جابز کے لئے کیٹ ونسلیٹ مد مقابل ہیں۔
بہترین ڈائریکٹر
بہترین ڈائریکٹر کی کیٹیگری میں ’دی بگ شارٹ‘ کے ایڈم میک کے، میڈمیکس کے ڈائریکٹر جارج ملر، دی ریوننٹ کے ڈائرکٹرالیجیندرو، روم کے لئے لینی ابراہمسن اور اسپاٹ لائٹ کے ڈائریکٹر ٹام مک کارتھی کو چنا گیا ہے۔
شارٹ سبجیکٹ ڈاکیومنٹری
اس کیٹیگری میں باڈی ٹیم12، چاوٴ بیونڈ دی لائنز، کلاڈ لینزمین، لاسٹ ڈے آف فریڈم اور پاکستانی فلم ’اے گرل ان دا ریور۔۔۔‘ شامل ہیں۔
بہترین غیرملکی زبان کی فلم
بہترین غیرملکی زبان کی فلم کے لئے کولمبیا کی ایمبریس آف دی سرپینٹ، فرانس کی مسٹینگ، ہنگری کی سن آف سئیول، اردن کی تھیب اور ڈنمارک کی اے وار ۔۔ نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔