رسائی کے لنکس

پاکستان میں بھی ’اینی میٹیڈ‘ فلمیں بننے لگیں


دنیا بھر میں ’اینی میٹیڈ‘ فلموں کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب پاکستان میں بھی پہلی اینی میٹیڈ فلم ’تین بہادر‘ کے نام سے پروڈکشن کے مراحلے طے کررہی ہے اور پوری پوری امید ہے کہ یہ اگلے سال یعنی سال 2015ء کے وسط تک ریلیز کردی جائے گی

پاکستان فلم انڈسٹری اپنے ’دوسرے جنم‘ میں ایک اور نیا اعزاز حاصل کرنے والی ہے۔ اور یہ اعزاز ہے ’اینی میٹیڈ‘ فیچر فلم بنانے کا۔

دنیا بھر میں جدید ترین ٹیکنا لوجی کی مدد سے ایک سے بڑھ کر ایک اینی میٹیڈ فلمیں بنائی جارہی ہیں۔ کئی اینی میٹیڈ فلموں نے تو حالیہ سالوں میں بہت بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل کرکے کروڑوں کا بزنس کیا ہے۔

اینی میٹیڈ فلموں کی اسی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب پاکستان میں بھی پہلی اینی میٹیڈ فلم ’تین بہادر‘ کے نام سے پروڈکشن کے مراحلے طے کررہی ہے اور پوری پوری امید ہے کہ یہ اگلے سال یعنی سال 2015ء کے وسط تک ریلیز کردی جائے گی۔

فلم ’تین بہادر‘ ایکشن۔کم۔کامیڈی فلم ہے ۔ ’تھری ڈی‘ فارمیٹ پر بنائی گئی ہے اور خاص طور سے نوجوانوں کی دلچسپی کے لئے ہے۔

اسے پاکستان کی ’پہلی اردو زبان میں بننے والی ایچ ڈی اینی میٹیڈ فیچر فلم‘ کا اعزاز حاصل ہوگا۔

فلم کی تیاری کا سہرا کراچی سے تعلق رکھنے والی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کے سر ہے، جنہوں نے اپنی فلم پروڈکشن کمپنی ’وادی اینی میشن‘ کے بینر تلے اسے تیار کیا ہے۔کراچی کا ہی ایک پروڈکشن ہاوٴس’ایس او سی فلمز‘ شرمین عبید چنائے کے ساتھ ملکر یہ کام انجام دے رہا ہے۔

میڈیا کو جاری کردہ تفصیلات میں شرمین کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں باصلاحیت اور ایک سے بڑھ کر ایک ماہر اینی میٹر کی کوئی کمی نہیں ،اسی لئے انہوں نے بیرون ملک کے بجائے مقامی ماہرین کے ساتھ ملکر ’تین بہادر‘ کے پروجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پروجیکٹ کامیابی کے مراحل طے کررہا ہے اور اگلے سال موسم سرما تک اسے ریلیز کردیا جائے گا۔‘

شرمین چنائے کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید اینی میٹیڈ فیچر فلمز ، شارٹس فلمز، ٹی وی سیریز اور کمرشلز بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ وہ ’سپرہیروز‘ اور ’سپر ہیروئنز‘ کو اینی میٹ کریں گی۔

XS
SM
MD
LG