رسائی کے لنکس

امریکہ: ارکانِ کانگریس کو لے جانے والی ٹرین کو حادثہ


حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں ٹرین میں سوار بعض افراد بھی معمولی زخمی ہوئے تھے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔

امریکہ میں ارکانِ کانگریس کو لے جانے والی ایک ٹرین کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق ٹرین میں سیکڑوں ری پبلکن ارکانِ کانگریس اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سوار تھے جو صدر ٹرمپ کے 'اسٹیٹ آف دی یونین' خطاب کے بعد دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے ریاست مغربی ورجینیا کے تفریحی مقام گرین بریئر ریزورٹ جارہے تھے۔

امریکی ریل کمپنی 'ایمٹریک' کی اس ٹرین کو خاص طور پر ارکانِ کانگریس کے لیے بک کیا گیا تھا جسے جنوب مغربی ورجینیا کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔

حکام کے مطابق ٹرین بدھ کی صبح ورجینیا کے شہر شارلٹس ول کے نزدیک پٹریاں کراس کرنے والے ایک ٹرک سے ٹکرائی جس سے ٹرک میں سوار ایک شخص ہلاک اور اس کے تین ساتھی زخمی ہوگئے۔

ٹرین پر سوار بعض ڈاکٹر ارکانِ کانگریس اور ان کے اہلِ خانہ نے ٹرک میں سوار زخمی افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی۔

ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں ٹرین میں سوار بعض افراد بھی معمولی زخمی ہوئے تھے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد ٹرین پر سوار ری پبلکن ارکانِ کانگریس اور ان کے اہلِ خانہ کو بسوں کے ذریعے ان کی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کوبریئر ریزورٹ پر ان ارکانِ کانگریس سے خطاب کریں گے۔

'ایمٹریک' کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ جس کراسنگ پر حادثہ پیش آیا وہاں تمام حفاظتی انتظامات، لائٹیں، ٹرین کی آمد پر بجنے والی گھنٹی اور ٹرین کے گزرنے کے وقت گاڑیوں کو کراسنگ سے روکنے کے لیے دروازہ نصب تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ ان تمام انتظامات کے باوجود ٹرک کیسے عین اسی وقت پٹریوں پر پہنچا جب ٹرین وہاں سے گزر رہی تھی۔

امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جن کی تکمیل میں بورڈ حکام کے بقول ایک سال بھی لگ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG