رسائی کے لنکس

امریکہ: ٹرین حادثے میں تین ہلاکتوں کی تصدیق، 70 زخمی


جس ٹریک پر یہ حادثہ پیش آیا اس کی حال ہی میں مرمت کی گئی تھی اور اس پر مسافر ٹرین کا یہ پہلا سفر تھا۔

امریکہ میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ پیر کو ریاست واشنگٹن میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کا سبب ٹرین کی تیز رفتاری تھی۔

امریکہ کے 'نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ' کی ترجمان ٹی بیلا ڈنزار نے پیر کی شب کو صحافیوں کو بتایا ہے کہ متاثرہ ٹرین جس علاقے میں حادثے کا شکار ہوئی وہاں حدِ رفتار 30 میل فی گھنٹہ مقرر تھی لیکن ٹرین 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہی تھی۔

ترجمان کے مطابق ٹرین کی بوگیاں جس پل پر پٹری سے اتریں اس سے عین قبل ایک موڑ ہے جہاں ٹرین کے ڈرائیور کو رفتار 30 میل فی گھنٹہ تک کم کرلینی چاہیے تھی۔

ترجمان نے کہا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ ٹرین کی رفتار کیوں کم نہیں ہوئی اور اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے۔

پیر کو پیش آنے والے حادثے میں حکام نے تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 70 زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 10 شدید زخمی ہیں۔

اس سے قبل ایک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا تھا کہ حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ٹرین کمپنی 'ایمٹریک' کی مسافر ریل گاڑی کو یہ حادثہ امریکہ کی شمال مغربی ریاست واشنگٹن میں پیر کو علی الصباح پیش آیا تھا۔

متاثرہ ٹرین واشنگٹن کے دارالحکومت سیاٹل سے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ جارہی تھی۔ جس ٹریک پر یہ حادثہ پیش آیا اس کی حال ہی میں مرمت کی گئی تھی اور اس پر مسافر ٹرین کا یہ پہلا سفر تھا۔

حکام کے مطابق ٹریک کی تعمیرِ نو کا مقصد ریاست واشنگٹن کے شہروں ٹیکوما اور اور اولمپیا کے درمیان فاصلہ کم کرنا تھا اور اس پٹری کی اپ گریڈیشن پر 181 ملین ڈالر لاگت آئی تھی۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو مسافر ٹرین کے پہلے سفر سے قبل نئے ٹریک پر کئی ہفتوں تک سفر کے تجربات اور ان کا تجزیہ کیا گیا تھا جن میں نیا ٹریک مسافر ٹرینوں کے لیے مکمل محفوظ قرار پایا تھا۔

حکام کے مطابق حادثہ ایک پل پر پیش آیا جس کے باعث ٹرین کی 14 میں سے 13 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ بعض بوگیاں پل سے نیچے گزرنے والی مرکزی شاہراہ 'انٹراسٹیٹ 5' پر جا گریں۔

مذکورہ سڑک امریکہ کے مغربی حصے کی ایک اہم شاہراہ ہے جو شمال میں کینیڈا کی سرحد سے جنوب میں واقع میکسیکو کی سرحد تک جاتی ہے۔

پل سے نیچے گرنے والی بوگیوں کی زد میں شاہراہ سے گزرنے والے دو ٹرک اور پانچ گاڑیاں بھی آئی ہیں تاہم گاڑیوں میں سوار کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا۔

ہلاک ہونے والے تینوں افراد ٹرین میں سوار تھے۔ حادثے کے وقت ریل گاڑی میں 80 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔

واشنگٹن کی ریاستی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کی تکمیل کے بعد جائے حادثہ کا کنٹرل امریکہ کے 'نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ' کے حکام کے حوالے کردیا ہے جو واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

امریکہ میں 'ایمٹریک' کی ٹرینوں کو اس سے قبل بھی حادثات پیش آتے رہے ہیں اور گزشتہ ماہ ہی 'ایمٹریک' انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے سیفٹی ریکارڈ کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG