رسائی کے لنکس

عمر شریف کا نیا مزاحیہ سیریل ’میں نہ مانوں ہار‘


عمر شریف کافی عرصے بعد کسی مزاحیہ ٹی وی سیریل میں اس قسم کا رول کرتے نظر آرہے ہیں۔ ماننا پڑے گا کہ عمر شریف نے جس انداز میں نواب صاحب کا رول ادا کیا ہے شاید کوئی اور فنکار اتنی کامیابی سے یہ رول ادا نہ کر پاتا

عمر شریف کا نام پاکستان کے ایسے فنکاروں میں لیا جاتا ہے جو فلم، اسٹیج اور ٹی وی سمیت ہر جگہ کامیابی کی تاریخ رقم کرچکے ہیں۔ اِن دنوں اُن کا نام ایک مرتبہ پھر عوامی حلقوں میں بہت زور و شور سے سنائی دے رہا ہے۔۔اور اس کی وجہ ہے ان کا نیا مزاحیہ سیریل ’میں نہ مانوں ہار‘۔

نجی چینل ’ہم‘ ٹی وی کی اس پیشکش میں عمر شریف ایک چھوٹے سے دیہی علاقے کے’نواب صاحب‘ بنے ہیں ۔ گاوٴں کا ہر دکھڑا آخرکار حل ہونے کے لئے ان ہی کے سامنے لایا جاتا ہے۔ پھر بھلا وہ مسئلہ جعلی ادویات کھا کر کسی کی گائے بھینس مرنے کا ہو یا کسی نوجوان کو ’باہر‘ جاکر نوکری کرنی ہو۔۔۔نواب صاحب ہر مسئلہ چٹکی بجا کر حل کرنے کے دعویٰ دار ہیں۔۔۔۔

لیکن، یہ مسئلہ بھی وہ اپنے ہی انداز میں حل کرتے ہیں۔۔۔جو بھی ہو ۔۔گاوٴں والوں پر ان کی خوب دھاک بیٹھی ہوئی ہے اور وہ ہر حال میں نواب صاحب کی ’جے جے کار‘ کرنا نہیں بھولتے۔

’ملٹی ٹیلنٹ رکھنے والے نواب صاحب کے کردار میں عمر شریف نے عام ڈگر سے ہٹ کر کام کیا ہے۔ ان کا یہ کردار دیکھنے والوں کو پسند آ رہا ہے۔ وہ یوں نواب صاحب جناب عمر شریف اور ڈرامہ دونوں ۔۔۔آہستہ آہستہ ناظرین کے دل میں گھر کرتے جارہے ہیں۔

’ہم‘ ٹی وی کے عہدیدار منہاس صغیر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نہ مانوں ہار‘ رمضان کی مناسبت کا تیار کردہ خصوصی پلے ہے۔ چونکہ، رمضان میں عام لوگوں کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں اور وہ بہت کم وقت ٹی وی کو دے پاتے ہیں۔ لہذا، اس نکتہ نظر کو سامنے رکھ کر یہ ہلکا پھلکا کامیڈی پلے تیار کیا گیا ہے۔‘

عمر شریف کافی عرصے بعد کسی مزاحیہ ٹی وی سیریل میں اس قسم کا رول کرتے نظر آرہے ہیں۔ ماننا پڑے گا کہ عمر شریف نے جس انداز میں نواب صاحب کا رول ادا کیا ہے شاید کوئی اور فنکار اتنی کامیابی سے یہ رول ادا نہ کر پاتا۔

’میں نہ مانوں ہار‘ کو لکھا ہے ثمرہ بخاری نے، ہدایات دی ہیں سیف حسن نے جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں عمر شریف، سکینہ سموں، بہروز سبزواری، فائزہ حسن، ثنا جاوید، ناہید شبیر، سلیم شیخ اور ایاز احمد۔

XS
SM
MD
LG