رسائی کے لنکس

ون ڈے سیریز: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 0-5 سے کلین سوئپ کردیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔ کیوی ٹیم کے 272 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم 256 رنز ہی بنا سکی۔

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

جمعے کو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز مارٹن گپٹل اور مونرو نے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مونرو 34 رنز بنا کر گپٹل کا ساتھ چھوڑ گئے۔

گپٹل نے کین ولیم سن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز جوڑے اور اسکور 101 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ولیم سن 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

گپٹل اور راس ٹیلر نے پاکستانی بالرز کی جم کر پٹائی کی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 112 رنز بنائے۔ مجموعی اسکور 213 ہوا تو گپٹل 100 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر یہ اُن کی 13 ویں جبکہ پاکستان کے خلاف پہلی سنچری ہے۔

راس ٹیلر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ گرینڈ ہوم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے رومان رئیس نے تین، فہیم اشرف نے دو اور عامر یامین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور 14 کے اسکور پر عمر امین صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ حارث سہیل کے علاوہ کوئی بھی ٹاپ آرڈر بیٹسمین کیوی بالرز کے سامنے نہ ٹہر سکا اور صرف 57 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ فخر زمان 12، بابر اعظم 10، محمد حفیظ 6 اور کپتان سرفراز احمد صرف تین رنز بناسکے۔

اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پاکستان ٹیم 100 رنز بھی نہیں کرسکے گی تاہم حارث سہیل اور شاداب خان نے کیوی بالرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنا کر مجموعی اسکور 162 رنز تک پہنچا دیا۔

حارث سہیل 63 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ابھی مجموعی اسکور میں صرف 9 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ شاداب خان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد آخری تین وکٹیں بھی جلد گر گئیں۔ فہیم اشرف دھواں دار 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز بھی تیزی کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 12 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ عامر یامین 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح پوری پاکستان ٹیم 49 اوورز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ہنری نے چار، سینٹنر نے تین جبکہ فرگوسن اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG