رسائی کے لنکس

پاکستان کو بدترین شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 183 رنز سے بدترین شکست دے کر سیریز میں تین۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
ڈنیڈن میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 257 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے صرف چارکھلاڑی ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔

پچھلے دو میچز کی طرح ہفتہ کو بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، کیوی بولرزکے سامنے ہربیٹسمین بے بس نظر آرہا تھا اور صرف 15رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کوئی بھی ڈبل فیگر میں اسکورنہ بنا سکا۔ اظہرعلی صفر، فخرزمان 2، بابر اعظم 8، محمد حفیظ صفر جبکہ شعیب ملک 3 رنز بنا سکے۔

رومان رئیس نے سب سے زیادہ 16 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد 14، محمد عامر 14 اورفہیم اشرف نے 10 رنز بنائے۔

ایک موقع پر پاکستان کی آٹھ وکٹیں صرف 32 رنز پر گرچکی تھیں اور ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم ایک روزہ میچوں کی تاریخ کے سب سے کم (35) رنز بھی نہیں بنا سکے گی لیکن ٹیل اینڈرز نے ایسا ہونے نہیں دیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 17رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ مونرو اور فرگوسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر ٹرینٹ بولٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 257 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کین ولیم سن 73، راس ٹیلر 52 اور گپٹل 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے رومان رئیس اور حسن علی نے تین، تین جبکہ شاداب خان نے دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا چوتھا میچ 16جنوری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG