رسائی کے لنکس

جوہری سلامتی سے متعلق پاکستان کے اقدامات موثر ہیں: سرتاج عزیز


سرتاج عزیز (فائل فوٹو)
سرتاج عزیز (فائل فوٹو)

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وزیراعظم نوازشریف کو واشنگٹن کا اپنا دورہ منسوخ کرنا پڑا تاہم اُن کے بقول پاکستان کی اس بارے میں تیاری مکمل تھی۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ جوہری اثاثوں کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات نا صرف بہت موثر ہیں بلکہ عالمی سطح پر اُن کی سراہا بھی گیا ہے۔

ایک ایسے وقت جب واشنگٹن میں جوہری سلامتی سے متعلق عالمی کانفرنس جاری ہے، سرتاج عزیز نے جمعہ کو وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اُن کا ملک اس عالمی کانفرنس میں اپنا بھرپور موقف پیش کرے گا۔

’’ اس (کانفرنس) کا بنیادی محور جوہری تحفظ ہے کہ سکیورٹی اور ایکسپورٹ کنٹرولز کیسے ہیں، اس پر پاکستان کا ریکارڈ نا صرف بہت مثبت اور بہت زیادہ موثر ہے بلکہ اس کو تسلیم بھی کیا گیا ۔۔۔۔ اس لیے ان معاملات پر ہمارا جو ریکارڈ ہے اور ہماری جو شمولیت ہے وہ مجموعی طور پر تسلی بخش ہے اور ہمیں کسی نے بھی نہیں کہا کہ اس میں مزید (کچھ ) کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے اس کانفرنس سے قبل ’’ ٹرانسپورٹ آف نیوکلیئر میٹریل کنوینشن‘‘ کی بھی توثیق کر دی تھی۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وزیراعظم نوازشریف کو واشنگٹن کا اپنا دورہ منسوخ کرنا پڑا تاہم اُن کے بقول پاکستان کی اس بارے میں تیاری مکمل تھی۔

’’تیاری سب ہو چکی تھی، سیکرٹری (وزارت خارجہ) کی سطح پر بات ہو چکی ہے۔ تو اس سے کوئی بنیادی فرق نہیں پڑا ہے اور لوگوں نے سراہا ہے کہ آپ کو (ملک کی) اندرونی صورت حال پر تشویش تھی تو ان کو اہمیت دینا بہت ضروری ہے۔‘‘

واضح رہے کہ لاہور میں اتوار کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اپنا امریکہ کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیرِاعظم نے لاہور میں دہشت گردوں کے حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع کے باعث اپنا دورہ منسوخ کیا ہے۔

جوہری سلامتی سے متعلق سربراہ کانفرنس میں اب پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نواز شریف کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی کر رہے ہیں۔

پاکستان کا موقف ہے کہ جوہری تحفظ سے متعلق ہر عمل میں اسلام آباد نے ہمیشہ سرگرم کردار ادا کیا ہے اور اپنے جوہری پروگرام کے تحفظ کے لیے بھی کثیر الجہتی کمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام وضع کر رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG