رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا 'پلوٹونیم ری ایکٹر ممکنہ طور پر دوبارہ فعال': رپورٹ


تحقیق کاروں نے کہا کہ مزید اعداد و شمار کے بغیر اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہے کہ پلانٹ کتنی قوت سے کام کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کی نگرانی کرنے والے امریکہ کے ایک تحقیقاتی ادارے کہنا ہے کہ پیانگ یانگ نے ممکنہ طور پر یونگ بیون کی جوہری تنصیب پر واقع پلوٹونیم ری ایکٹر پر ممکنہ طور پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے سکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے تحت کام کرنے والی ویب سائٹ 38 نارتھ نے جمعہ کو ایسی تصاویر جاری کی ہیں جن کے بارے اس کا کہنا ہے کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کوریا استعمال شدہ جوہری مواد کو پھر سے قابل استعمال کے قابل بنا کر ری ایکٹر کو دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ جوہری مواد ہتھیار بنانے کے لیے پلوٹونیم فراہم کر سکتا ہے۔

ویب سائیٹ کا کہنا ہے کہ یونگ بیون کے ریکٹر کی تصاویر میں اس پلانٹ کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پانی کے اخراج کے راستے کا عندیہ ملتا ہے، جو اس بات کی عکاسی ہے کہ پلانٹ نے دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا ہے۔

تحقیق کاروں نے کہا کہ مزید اعداد و شمار کے بغیر اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہے کہ پلانٹ کتنی قوت سے کام کر رہا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ شمالی کوریا جوہری مواد کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کی ٹیکنالوجی کو استعمال کر نے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یونگ بیون کا جوہری کمپلکس جس میں پانچ میگا واٹ کا ری ایکٹر اور دوسری تنصیبات موجود ہیں، کو ایک سمجھوتے کے تحت2007 میں بند کر دیا گیا تھا۔

یہ سمجھوتہ شمالی اور پانچ دیگر ملکوں کے مابین طے پایا تھا جن میں امریکہ، چین، جاپان، روس اور جنوبی کوریا شامل تھے۔ تاہم شمالی کوریا نے سمجھوتہ یہ کہتے ہوئے 2013 میں ختم کر دیا تھا کہ وہ دارالحکومت پیانگ یانگ سے 90 کلومیٹر شمال میں واقع تنصیب میں دوبارہ کام شروع کر رہا ہے۔

جوہری توانائی کے عالمی ادارے ' آئی اے ای اے' نے گزشتہ سال کہا تھا کہ یونگ بیون کے ری ایکٹرکو افزودگی یا ری پروسیسنگ (جوہری مواد کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانا) کے لیے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سامنے آنے والی شمالی کوریا کی یہ سرگرمیاں اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام پر عائد کی جانے والے متعدد تعزیرات کی خلاف ورزیوں کا تازہ ترین اقدام ہے۔

XS
SM
MD
LG