رسائی کے لنکس

شمالی کوریا خطے میں عدم استحکام کا بڑا ذریعہ ہے: بلنکن


نائب امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن (فائل فوٹو)
نائب امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن (فائل فوٹو)

نائب امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے یہ بات ٹوئیٹر کے ذریعے وائس آف امریکہ کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہی۔

امریکہ کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے کہا ہے کہ شمالی کوریا خطے میں "عدم استحکام کی ایک بڑی وجہ ہے۔"

نائب امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے یہ بات ٹوئیٹر کے ذریعے وائس آف امریکہ کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کا استحکام امریکہ اور چین کی مشترکہ دلچسپی ہے جب کہ ڈی پی آر کے (ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا) "عدم استحکام کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔"

ڈی پی آر کے شمالی کوریا کا ہی نام ہے۔

بلنکن جاپان، جنوبی کوریا اور چین کا دورہ کر رہے ہیں جس میں وہ علاقائی سلامتی اور شمالی کوریا کی طرف سے حالیہ اشتعال انگیزی کے تناظر میں اتحادیوں کے لیے امریکہ کے "مصمم عزم" کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

شمالی کوریا نے رواں ماہ کے اوائل میں چوتھا جوہری تجربہ کیا تھا جس پر امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری اس کے خلاف مزید سخت تعزیرات عائد کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری بھی "مستقبل قریب" میں ایشیا کا دورہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ شمالی کوریا پر شدید تر دباؤ کی حامی ہے۔ وہ ایوان نمائندگان کی طرف سے منظور کیے گئے اس قانون کے تناظر میں بات کر رہے تھے جس میں پیانگ یانگ کو اپنے جوہری پروگرام کے لیے درکار رقم کے حصول پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا کہا گیا۔

جان کربی نے کہا کہ "ہم شمالی کوریا کی طرف سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر کانگریس کے تحفظات سے متفق ہیں اور ہم اس ضمن میں کانگریس کے ساتھ مل کر مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں۔"

XS
SM
MD
LG