شمالی کوریا کے مطلق العنان حکمران کِم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ’’جتنا جلد ممکن ہو‘‘ ملنے اور بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں اور میزائل تجربات سے گریز کا عزم کرتے ہیں۔
یہ حیران کُن اور تاریخی اعلان جمعرات کی شام گئے وائٹ ہاؤس کے باہر کھڑے جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر، چونگ اویی یونگ نے کیا۔
چونگ نے کہا کہ ’’ٹرمپ کِم سے مئی میں ملاقات کر سکتے ہیں‘‘۔
چونگ نے جزیرہٴ کوریا کے نزدیک امریکہ اور جنوبی کوریا کی فوجی مشقوں کا بھی اعلان کیا؛ جو تجویز کردہ پروگرام کے مطابق اپریل میں ہوں گی؛ اور یہ کہ ’’کِم سمجھتے ہیں کہ یہ مشقیں ضروری ہیں‘‘۔
چونگ جمعرات کے روز واشنگٹن میں تھے۔ اُن کا مقصد اِسی ہفتے پیونگ ہونگ میں ہونے والی اپنی بات چیت سے امریکی حکام کو آگاہ کرنا تھا۔