ویب ڈیسک — نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سلیکٹر گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم ان کی ٹیم کے لیے لکی رہا ہے اور اس گراؤنڈ میں کیویز کھلاڑیوں کو کھیلنے کا تجربہ بھی ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں بدھ کو جنوبی افریقہ کے مدِ مقابل ہو گی۔ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل کو بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں بھارت کے تمام میچز دبئی میں کھیلنے پر بعض مبصرین نے اسے ایڈوانٹیج قرار دیا تھا۔ تاہم نیوزی لینڈ کے کوچ کا کہنا ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کھیلنے کو خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔
نیوزی لینڈ نے تین ہفتے قبل ہی قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کو سہ فریقی سیریز کے ایک میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل کیویز نے میزبان پاکستان کو بھی اسی گراؤنڈ میں وارم اپ میچ میں ہرایا تھا۔
کیویز کوچ نے منگل کو صحافیوں سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کھیلنے سے کھلاڑیوں کو کچھ تجربہ ہوا ہے جس کا سیمی فائنل میں فائدہ ہو گا۔
اسٹیڈ نے کہا کہ سیمی فائنل کے لیے تیار کی گئی پچ ابھی انہوں نے نہیں دیکھی۔ تاہم میچ نئی پچ پر ہو یا پرانی پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیوں کہ قذافی کی پچز بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان سہ فریقی سیریز ہوئی تھی جس میں نیوزی لینڈ نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
لاہور میں کھیلے جانے والے اپنے حالیہ دونوں میچز میں نیوزی لینڈ نے 300 سے زیادہ اسکور بنایا تھا۔
کیویز کوچ کے مطابق جنوبی افریقہ کو بڑی اننگز کھیلنے سے روکنے کے لیے جلد وکٹیں لینا ہوں گی اور مڈل اوورز بھی اہم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک اچھی ٹیم ہے اور یہ اس سے بہت مختلف ہے جسے ہم نے سہ فریقی سیریز میں ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کھیلنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کئی جونیئر کرکٹرز شامل تھے۔
کیویز کوچ کے مطابق سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اپنے فاسٹ بالنگ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترے گی جس میں میٹ ہینری، کیل جیمیسن اور ول اورورک شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالنگ اٹیک کی بدولت کیویز نے دبئی میں کھیلے گئے گروپ میچ میں بھارت کو 249 رنز تک محدود رکھا تھا۔ تاہم کیویز کو اس میچ میں 44 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان، انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں گروپ میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔
فورم