دنیا بھر میں کرونا وائرس کی عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے عائد پابندیوں کے باعث نئے سال کا استقبال روایتی انداز میں نہیں کیا جا رہا۔ اکثر ممالک میں نئے سال کی خصوصی تقریبات یا تو منسوخ کر دی گئی ہیں یا بہت محدود تعداد میں لوگوں کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جہاں نئے سال کے جشن کا آغاز ہوتا ہے، وہاں حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی پابندیوں کے پیش نظر اپنے گھروں میں رہیں۔ سڈنی برج پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے لوگوں کی ایک مختصر تعداد کو آنے کی اجازت دی گئی ہے۔
نیا سال 2021 اس بار امریکہ میں نئے صدر کے استقبال کا سال بھی ہے۔ جو بائیڈن کی کامیابی کی توثیق کے لئے کانگریس کا اجلاس چھ جنوری کو ہو گا۔ جب کہ ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر جوش ہالی نے کہا ہے کہ وہ کانگریس میں الیکٹورل کالج سے بائیڈن کی کامیابی پر اعتراض اُٹھائیں گے۔بائیڈن کی نامزد کردہ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ بائیڈن 20 جنوری کو ہی صدارت کا حلف اُٹھائیں گے۔
نیو یارک کا ٹائمز سکوائر نئے سال کی تقریبات اور نیو ائیر بال ڈراپنگ کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ مگر اس مرتبہ ان تقریبات کیلئے لوگوں کو ٹائمز سکوائر میں جانے کی اجازت نہیں ہے، ماسوائے ان چند درجن فرنٹ لائن ورکرز کے جو کرونا وائرس کی اس وبا کے دوران خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا ہے کہ لوگوں کو تقریبات کے مقام پرجانے سے روکنے کیلئے پولیس نے سخت انتظامات کیے ہیں۔
آسٹریلیا میں سڈنی کے ہاربر برج پر فائر ورکس کو گزشتہ سال 10 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا، مگر اس سال وہاں سناٹا ہے۔ آسٹریلیا کے دوسرے سب سے گنجان آباد شہر میلبورن کے مئیر نے کہا ہے کہ برسوں سے جاری آتش بازی کی تقریب کو منسوخ کرنا ایک بہت مشکل فیصلہ تھا، جو ہمیں کرونا وبا کی وجہ سے کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ جو سڈنی سے دو گھنٹے آگے ہے اور جس کے بہت سے جنوبی بحرالکاہل کے جزائر میں کوویڈ کا کوئی کیس نہیں ہے، وہاں سال نو کی تقریبات کو ہمیشہ کی طرح منایا گیا۔
چین میں کاونٹ ڈاون تقریب میں چند مہمانوں کو مدعو کیا گیا، جب کہ دوسری تمام روایتی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔
تائیوان سال نو کی اپنی تقریبات معمول کے مطابق کر رہا ہے، جس میں دارالحکومت میں واقع ٹاور تائپے 101 میں آتشبازی کا مظاہرہ اور نئے سال کی صبح قصر صدارت کے سامنے پرچم کشائی کی تقریب شامل ہے۔ یہ وہ جزیرہ ہے جہاں کرونا وائرس سے صرف سات اموات ہوئی ہیں اور مصدقہ کیسز کی تعداد 700 کے لگ بھگ ہے۔
ہانگ کانگ میں نئے سال کی استقبالیہ تقریب اور آتش بازی کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جاپان کے شہر ٹوکیو میں کورونا سے روزانہ 1300 کے لگ بھگ ریکارڈ اموات ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوامی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور زیادہ تر علاقوں میں لوگ نئے سال کا استقبال اپنے گھروں ٘میں خاموشی کے ساتھ کر رہے ہیں۔
جنوبی کوریا کے شہر سول کی تاریخ میں پہلی بار وہاں نئے سال کی گھنٹیاں بجانے کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔
بھارت میں نئے سال کا استقبال لوگ لاک ڈاؤن کے سائے میں اپنے گھروں کے اندر کر رہے ہیں۔ جب کہ دہلی، ممبئی اور چنائی میں ہوٹلوں اور بارز کو رات گیارہ بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سری لنکا میں عوامی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے قریبی افراد خانہ کے ساتھ گھروں میں ہی نئے سال کا خیرمقدم کریں۔ بصورت دیگر قانون حرکت میں آئے گا۔