رسائی کے لنکس

عالمگیر وبا کے باعث پرنسس بیٹریس کی شادی ملتوی


برطانیہ کے بکنگھم پیلیس کی طرف سے جاری ہونے والی پرنسس بیٹریس اور ان کے منگیتر ماپیلی موزی کی ایک تصویر۔
برطانیہ کے بکنگھم پیلیس کی طرف سے جاری ہونے والی پرنسس بیٹریس اور ان کے منگیتر ماپیلی موزی کی ایک تصویر۔

برطانیہ کی شہزادی بیٹریس اور ایڈوارڈو ماپیلی موزی کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق اب مئی میں نہیں ہو گی۔

پرنس اینڈریو اور سارہ کی بیٹی کی شادی 29 مئی کو طے تھی، جس میں شاہی خاندان کے علاوہ بڑے پیمانے پر مہمانوں کی شرکت متوقع تھی۔ مگر عالمگیر وبا کرونا کے خدشات کے پیش نظر اب یہ شادی ملتوی کر دی گئی ہے، جس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پچھلے مہینے شاہی جوڑے نے کہا تھا کہ وہ عالمی سطح پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث اپنی شادی کے پروگرام پر نظرثانی کر رہے ہیں۔

بکنگھم پیلیس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پرنسس بیٹریس اور مسٹر ماپیلی موزی اپنی شادی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ موجودہ حالات کی نزاکت سے بھی آگاہ ہیں اور غیر ضروری خطرات اور خدشات سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں۔

مارچ میں جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت کے مشورے کی روشنی میں شاہی جوڑا 29 مئی کو شادی کے انتظامات پر از سر نو غور کر رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ شاہی جوڑے کو خاندان کے معمر افراد کی صحت و تندرستی اور بڑے پیمانے پر مہمانوں کی شرکت سے متعلق حکومت کے مشورے کا احساس ہے۔ اس لیے، بکنگھم پیلس کے باغات میں اب شادی کی تقریبات نہیں ہوں گی۔

بیان کے مطابق، جوڑا یہ فیصلہ کرنے سے قبل کہ کیا انہیں چھوٹی سطح پر شادی کی تقریب منعقد کرنی چاہیے جس میں صرف خاندان کے افراد اور دوست شریک ہوں، حکومت کے مشورے پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔

بیٹریس نے ایک پراپرٹی ڈوپلر موزی سے اپنی منگنی کا اعلان پچھلے سال ستمبر میں کیا تھا، جب کہ پہلی بار ان کے درمیان محبت کی خبریں 2018 میں منظر عام پر آئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG