پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے جانے جانے والے شعیب اختر نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان کا کبھی بھارت کی فلمی اداکارہ سونالی بندرے سے کوئی تعلق رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ان کے بارے میں من گھڑت باتیں پھیلائی جاتی رہی ہیں اور وہ کبھی بھی سونالی بندرے سے نہیں ملے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کچھ ایسی باتیں بھی پھیلائی ہیں کہ وہ سونالی بندرے کے دیوانے تھے۔ ان کی تصاویر جیب میں رکھتے تھے اور ان سے شادی کرنے کے لیے انہیں اغوا کرنے پر بھی تیار تھے۔
شعیب اختر نے ان باتوں کی سختی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو وہ کبھی سونالی بندرے سے ملے ہیں اور نہ ہی ان کے فین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سونالی بندرے کی چند فلمیں ضرور دیکھی ہیں اور وہ انہیں ایک خوبصورت خاتون سمجھتے ہیں۔
تاہم، جب انہوں نے میڈیا سے یہ پتا چلا کہ کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد کس قدر دلیری سے وہ اپنی بیماری سے لڑتی رہیں اور بالآخر صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئیں تو پھر وہ ان کے فین بن گئے۔ وہ ایک انتہائی بہادر خاتون ہونے کے حوالے سے انہیں نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل سمجھتے ہیں۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے ان کا نام ایک اور بھارتی فلمی اداکارہ دیا مرزا سے بھی جوڑنے کی کوشش کی۔ تاہم، اس میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے۔
شعیب اختر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی غلط اطلاعات سوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں۔
انہوں نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارت کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے بارے میں سامنے آنے والے بیانات پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر وہ اپنے شوہر اور بچے کے ساتھ ایک ریسٹورانٹ میں کھانا کھانے گئیں تو اس میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ لہذا، لوگوں کو بے جا تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔