پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے نگران حکومت کو خط لکھ کر اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے لیے جیل میں سہولیات کا مطالبہ کیا ہے۔
شہبازشریف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ میاں نوازشریف کو دل کا عارضہ ہے اس لیے ان کے ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ نوازشریف سابق وزیراعظم ہیں اور انہیں ان کے استحقاق کے مطابق سہولتیں دی جائیں۔ انہیں طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف کا نگران حکومت کو خط لکھے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد حسین نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ایک مجرم ہیں اور اڈیالہ جیل میں ان کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے جو باقی قیدیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف اڈیالہ جیل میں اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں۔
ایون فیلڈ کیس میں احتساب عدالت سے سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد صفدر حسین کے ساتھ قید ہیں۔